40 قائدین دعویدار ، نئے ناموں کے منظر عام پر آنے سے دعویداروں میں الجھن
حیدرآباد ۔ 8 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز ) : کانگریس پارٹی میں 4 ایم ایل اے کوٹہ کے تحت کونسل کی نشستوں کیلئے 40 سے زیادہ قائدین اپنی اپنی دعویداری پیش کررہے ہیں اور کئی قائدین دہلی پہونچکر پارٹی ہائی کمان کے سینئیر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے ان کی تائید حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ جیسے جیسے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ قریب آرہی ہے مزید نئے نام منظر عام پر آرہے ہیں ۔ پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی 10 مارچ آخری تاریخ ہے ۔ حیدرآباد میں پارٹی کی نئی انچارج جنرل سکریٹری میناکشی نٹراجن نے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ، ڈپٹی چیف منسٹر ملوبھٹی وکرامارک صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ ، ریاستی وزیر اتم کمار ریڈی سے اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا ہے ۔ ایک فہرست تیار کرتے ہوئے پارٹی ہائی کمان کو روانہ کردی گئی ہے ۔ میناکشی نٹراجن ، مہیش کمار گوڑ ، اتم کمار ریڈی دہلی پہونچ جانے کی اطلاعات ہیں جبکہ آج دوپہر میں دہلی سے حیدرآباد پہونچنے والے چیف منسٹر اے ریونت ریڈی ہفتہ کی رات یا اتوار کی صبح دہلی روانہ ہوسکتے ہیں ۔ جہاں پارٹی کے سینئیر قائدین سے ملاقات کرتے ہوئے پارٹی امیدواروں کے ناموں کو قطعیت دیں گے ۔ اتوار کے دن شام تک پارٹی امیدواروں کا اعلان کردیا جائے گا ۔ ریاست میں 10 سال بعد ایم ایل اے کوٹہ کونسل کے انتخابات میں کانگریس کے امیدوار منتخب ہورہے ہیں ۔ پارٹی کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان امیدواروں کے انتخاب میں سماجی انصاف کے فارمولے پر عمل کرنے کی تیاری میں ہے ۔ مجلس کے صدر اسد الدین اویسی نے آج دو علحدہ علحدہ پروگرامس میں چیف منسٹر ریونت ریڈی اور ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرمارک سے ملاقات کی ہے ۔ جو سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنی ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ سی پی آئی بھی ایک نشست کا مطالبہ کررہی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ کانگریس ہائی کمان نے پردیش کانگریس کمیٹی کی جانب سے تیار کردہ فہرست کے علاوہ مزید چند قائدین سے بائیو ڈاٹا طلب کیا ہے ۔ ان میں یادو طبقہ سے سوریہ پیٹ ضلع کانگریس کے صدر سی وینکنا یادو ، منور کاپو طبقہ سے سابق مرکزی وزیر آنجہانی شیوشنکر کے فرزند ونئے کمار خواتین کے کوٹہ میں سابق رکن پارلیمنٹ وجئے شانتی ، ریڈی طبقہ سے چیف منسٹر کے قریبی دوست ویم نریندر ریڈی ، ایس سی کوٹہ سے سمپت کمار ( مادیگا ) ایس ٹی کوٹہ سے وجیہ بائی کے ناموں پر بھی غور کیا جارہا ہے ۔ 2