حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے باغی امیدواروں کو انتخابی مقابلہ سے دستبردار کرانے کیلئے آج جنگی خطوط پر مہم چلائی اور کئی باغیوں کو پرچہ نامزدگی واپس لینے کی کامیاب ترغیب دی گئی۔ پارٹی کے تلنگانہ انچارج مانک راؤ ٹھاکرے، اے آئی سی سی سکریٹری روہت چودھری، سابق رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر ملوروی اور مہیش کمار گوڑ نے مختلف اضلاع پہنچ کر باغی امیدواروں سے ملاقات کی اور تیقن دیا کہ پارٹی برسر اقتدار آنے پر نامزد عہدوں، کونسل کی رکنیت، کارپوریشنوں کے صدورنشین کے عہدوں پر فائز کیا جائے گا۔ پارٹی کی کامیابی ہر ایک کی اولین ترجیح ہونی چاہیئے۔ مہم کے نتیجہ میں جن باغی امیدواروں نے اپنے پرچہ جات واپس لئے ان میں پٹیل رمیش ریڈی ( سوریا پیٹ) گنگا رام ( جکل ) بالراج ( بانسواڑہ ) نہرو نائیک ( ڈورناکل ) جے راگھو ریڈی ( ورنگل ویسٹ ) اور ڈی رام ریڈی ( ابراہیم پٹنم ) شامل ہیں۔ سوریا پیٹ میں باغی امیدوار پٹیل رمیش ریڈی کی قیامگاہ پر کافی جذباتی مناظر دیکھے گئے۔ رمیش ریڈی جذبات سے بے قابو ہوکر روپڑے۔ سکریٹری اے آئی سی سی روہت چودھری نے انہیں دلاسہ دیا اور ہائی کمان کی جانب سے تیقن دیا کہ اہم عہدہ پر فائز کیا جائے گا۔ روہت ریڈی نے رمیش ریڈی کے حامیوں سے ملاقات کی۔ کانگریس قائدین کے سی وینو گوپال، اتم کمار ریڈی، ریونت ریڈی نے ٹیلی فون پر باغی قائدین سے ربط قائم کیا اور پارٹی کی کامیابی کیلئے جدوجہد کرنے کا مشورہ دیا۔ بالراج جو حیدرآباد کے ہاسپٹل میں زیر علاج ہیں انہوں نے پارٹی امیدوار رویندر ریڈی کی کامیابی کیلئے تعاون کرنے سے اتفاق کیا۔