کانگریس گیس اور ڈیزل پر ٹیکس تین ماہ معطل کرے: بائیڈن

   

واشنگٹن : امریکی صدر بائیڈن نے گیس اور ڈیزل پر عائد ٹیکسوں کو تین ماہ کے لیے معطل کرنے کی کانگریس سے درخواست کر دی ہے۔ اگلے وسط مدتی انتخاب کے چیلنج کے مقابل کھڑے بائیڈن کی طرف سے یہ مطالبہ سامنے آنے پر ان کی اپنی جماعت کے بعض ارکان کانگریس نے بھی تحفظات کا اظہار کیا ہے۔۔ جبکہ کانگریس کی سپیکر نینسی پلوسی نے کہا ہے کہ وہ دیکھیں گی کی اس بات کو کانگریس میں حمایت مل سکتی ہے کہ نہیں۔صدر بائیڈن نے کانگریس سے گیس اور ڈیزل پر فیڈرل ٹیکس معطل کرنے کا کہنے کے ساتھ ساتھ ریاستوں اور صنعتی شعبے کو بھی اپنے اپنے انداز میں اس بارے میں عوام کو ریلیف دینے کے لیے کہا ہے۔ انہوں نے اس تناظر میں توانائی کی صنعت کو تنقید کا نشانہ بھی بنایا ہے کہ ”ان کی ترجیح صرف منافع کمانا ہے۔”صدر کی طرف سے اس جانب متوجہ ہونے کے بعد اگر امریکی قانون ساز اور ریاستیں کوئی کارروائی کرتی ہیں تو پورے امریکہ میں صارفین کو ریلیف مل سکتا ہے۔ تاہم صدر بائیڈن کا کہنا ہے ” ان اقدامات سے صارفین کو درپیش تکلیف کا پورا ازالہ تو نہیں ہو سکے گا لیکن یہ ان کے لیے ایک بڑی مدد ضرور ہو گی۔”