نئی دہلی ۔ /5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) لوک سبھا میں ہنگامہ آرائی کیلئے کانگریس کے 7 ارکان پارلیمنٹ کو ماباقی بجٹ اجلاس تک ایوان سے معطل کردیا گیا ہے ۔ کانگریس ارکان پر اسپیکر کے ٹیبل سے کاغدات کھینچے اور نامناسب رویہ اختیار کرنے کا الزام ہے جو ایوان کے قواعد کے خلاف ہے ۔ آج صبح پارلیمنٹ اجلاس کے آغاز کے بعد بھی یہی صور تحال برقرار رہی ۔ بعد ازاں دن میں 3 بجے جیسے ہی اجلاس شروع ہوا میناکشی لیکھی نے گورو گوگوئی ، ٹی این پراتھاپن ، ڈین کوریا کوس منیکاٹیگور ، راج موہن اینتھم ، بین بیہنان اور کرجیت سنگھ اوجلا کے ناموں کا اعلان کردیا ۔ میناکشی لیکھی اجلاس کی صدارت کررہی تھیں ۔ ایک مرتبہ کرسی صدارت سے ناموں کے اعلان کے بعد کوئی بھی رکن ایوان میں شرکت نہیں کرسکتا ۔ پارلیمانی امور کے وزیر پرہلاد جوشی ایوان سے ان ارکان کی معطلی کے لئے تحریک پیش کی اور اس تحریک کو اپوزیشن ارکان کی ہنگامہ آرائی کے بیچ ندائی ووٹ سے منظور کرلیا گیا ۔ میناکشی لیکھی نے ان ارکان سے کہا کہ وہ ایوان سے باہر چلے جائیں اور پھر اجلاس دن بھر کیلئے ملتوی کردیا گیا ۔ میناکشی لیکھی نے کہا کہ ایوان میں معدنی قوانین ترمیمی بل پر مباحث جاری تھے کہ بعض ارکان نے اسپیکر کے ٹیبل سے زبردستی کاغذات اور پوڈیم سے ان کاغذات کو اچھال دیا ۔