کاچیگوڑہ ‘معمر خاتون کے قتل میں تین افراد گرفتار

   

حیدرآباد ۔ کاچی گوڑہ پولیس نے معمر خاتون کے سنسنی خیز قتل کے معمہ کو اندرون 48 گھنٹے حل کرتے ہوئے 3 ملزمین بشمول ایک گھریلو ملازمہ کو گرفتار کرلیا۔ انسپکٹر کاچی گوڑہ مسٹر حبیب اللہ خان نے بتایا کہ 85 سالہ سری رام شیٹی کملماں کی گھریلو ملازمہ دلائی لکشمی نے تکیہ سے گلا گھونٹ کر قتل کردیا تھا اور 10 تولے طلائی زیورات، 26 ہزار نقد رقم، قیمتی ساڑیاں اور موبائیل لے کر فرار ہوگئی تھی۔ کاچی گوڑہ پولیس نے ملازمہ کی گرفتاری کیلئے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی تھی اور سی سی ٹی وی کی مدد سے لکشمی اور اس کی مدد کرنے والے ایم مہیندر و ساگا رام ستیش کمار کو بھی گرفتار کرلیا۔ پولیس نے بتایا کہ طلائی زیورات کا سرقہ کرنے کی غرض سے لکشمی نے معمر خاتون کا قتل کیا ہے اور اِس کیلئے مہندر کی مدد لی تھی۔ پولیس نے ملزمین کے قبضہ سے مسروقہ طلائی زیورات اور دیگر اشیاء ضبط کرتے ہوئے اُنھیں جیل بھیج دیا۔