کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن میں ڈاگ اسکواڈ کی تمثیلی مشق

   

حیدرآباد11جنوری(یواین آئی) انٹی گریٹیڈ انٹلی جنس ٹریننگ اکیڈمی (آئی ٹی اے ) معین آباد کے 48 کتوں کو عملی تربیت کیلئے شہرحیدرآباد کے کاچی گوڑہ ریلوے اسٹیشن لایا گیا۔ ریلوے پروٹیکشن فورس (آرپی ایف)، گورنمنٹ ریلوے پولیس (جی آرپی) اور مقامی پولیس نے تہوار کے موسم کے دوران مسافرین کے ہجوم کے پیش نظر ڈاگ اسکواڈ کے ساتھ دھماکہ خیز مواد اور منشیات کی تلاش کیلئے تمثیلی مشق کی۔ ڈاگ اسکواٹ کو پیشگی اطلاع دیئے بغیر منشیات مسافروں کے تھیلوں میں رکھ دی گئیں تاکہ یہ پتہ چلایاجاسکے کہ کتے ان منشیات کا پتہ لگانے میں کتنے کامیاب ہوتے ہیں۔ کتوں نے پورے اسٹیشن کے احاطہ کی تلاشی لی اور آخرکار وہ ممنوعہ اشیا کے تھیلوں تک پہنچنے میں کامیاب رہے ۔آر پی ایف کے انسپکٹر دھرمیندر کمار نے کہا کہ مسافروں کو کسی قسم کی پریشانی کے بغیر یہ تمثیلی مشق کی گئی۔اس پروگرام میں آر پی ایف، جی آر پی پولیس، انٹی گریٹڈ انٹلی جنس ٹریننگ اکیڈمی کے کتوں اور کتوں کے ٹرینرز نے حصہ لیا۔