حیدرآباد 17 جولائی ( یو این آئی ) ورنگل کی کاکتیہ یونیورسٹی کے پدماکشی گرلز ہاسٹل میں ایک بڑا حادثہ ٹل گیا۔ ہاسٹل کے مین کرنٹ باکس میں اچانک دھماکہ ہوا، اور آگ بھڑک اٹھی۔ شارٹ سرکٹ سے مکمل بجلی کی سربراہی معطل ہو گئی۔آگ دیکھتے ہی طالبات میں خوف و ہراس پھیل گیا اور وہ جان بچانے ہاسٹل سے باہر دوڑ پڑیں۔ صورتحال اس قدر سنگین تھی کہ کئی طالبات نے یونیورسٹی کے مین گیٹ کے پاس احتجاج شروع کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ روزانہ اپنی جانوں کو خطرے میں ڈال کر ہاسٹل میں مقیم ہیں اور انتظامیہ لاپرواہی برت رہا ہے ۔ اطلاع پر پولیس اور یونیورسٹی حکام نے موقع پر پہنچ کر طالبات کو سمجھانے اور احتجاج ختم کرنے کی کوشش کی۔