کتاب و سنت کی پیروی، سید احمد کبیر ؒ کی سب سے بڑی کرامت

   

قاضی پیٹ میں تقریب، حضرت خسرو پاشاہ، شیخ محمد بختیار بیابانی کا خطاب

ورنگل۔ 25 نومبر ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) حضرت شیخ سید احمد کبیر رفاعی کے ضمن میں درگاہ شریف حضرت سیدشاہ افضل بیابانی رفاعی القادری قاضی پیٹ کے احاطہ میں حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی رفاعی القادری المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین درگاہ قاضی پیٹ و ریاستی حج کمیٹی چیرمین تلنگانہ کی صدارت میں جشن سیدنا احمد کبیر رفاعی پروگرام کا انعقاد عمل میں لایا گیا۔اس پروگرام کو حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی رفاعی القادری،حضرت شیخ سید محمد بختیار بیابانی رفاعی القادری نے مخاطب کرتے ہوئے کہاکہ حضرت سید احمد کبیر رفاعی کی سب سے بڑی کرامت کتاب و سنت کی پیروی ہے۔ آپ کی پوری زندگی فقرو فقیری ، درویشی ،عجز و انکساری ،رضائے الہی ٰ اور سنت نبوی ؐ پر عمل پیرا رہی۔انہوںنے کہاکہ ام عبیدہ کے دور دراز دیہاتوں میں کوئی علیل ہوتا تو اس کی تیمار داری کے لئے ضرورتشریف لے جاتے۔بوقت ضرورت کچھ دن ان کے پاس قیام کرتے واپسی میں جنگل سے لکڑیاں اٹھا لاتے اور بیوائوں ، یتیموں ،مسکینوں ،اپاہجوں ،نابنیائوں اور کبھی مشائخ و علماء کے گھروں میں تقسیم کرتے۔ آپ کی ایک عادت یہ بھی تھی کہ آپ سڑک پر نابینائوں کا انتظار کرتے تاکہ وہ اپنی منزل تک بخیر و عافیت پہنچ جائیں۔ آپ نے مختلف طریقوں سے مسلمانوں کی تربیت و اصلاح فرمائی۔ اپنے خطبات و ارشادات اور مواعظ حسنہ کے ذریعہ آپ نے ہر طرح کے لوگوں کی اصلاح کافریضہ انجام دیا۔آپ کے حسن اخلاق کا یہ عالم تھا کہ انسان تو انسان جانوروں کے ساتھ بھی حسن سلوک کیا کرتے تھے۔مفتی محمد خان بیابانی ، مجاہد خان بیابانی نے بھی مخاطب کیا۔ مولانا امیر اللہ نے نظامت کی۔فقراء نے ضربات پیش کئے۔اس موقع پر محمد ابوبکر سابق کارپوریٹر ،مرزا عزیز احمد بیگ ،سید شجاعت اللہ حسینی اور دیگر کے علاوہ رفاعی کے مریدین اور معتقدین کی کثیر تعداد موجود تھی۔