سورت(گجرات)۔ ایک دو سالہ بچی، جسے تین سے چارکتوں نے گھیر لیا تھا اور اسے30 سے 40 مرتبہ کاٹا تھا، جمعرات کو سورت کے ایک سرکاری اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔ اس کے والد روی کمارکہار نے بتایا کہ وہ اور اس کی بیوی روزانہ مزدوری کرتے ہیں اور کھجود کے علاقے میں ڈائمنڈ بورس کے قریب مزدور کالونی میں رہتے ہیں۔ اتوارکو جب یہ جوڑاکام پر تھا تو اسے اطلاع ملی کہ کتوں نے اس کی دو سالہ بیٹی کو کاٹ لیا ہے، گھر واپس آیا اور اسے سرکاری اسپتال لے گیا۔ جب لڑکی کو اندر لایا گیا تو اس کے سر، بازوؤں اور ٹانگوں پر کتے کے کاٹنے کے 30 سے 40 نشان تھے ۔ یہاں تک کہ اس کے پھیپھڑوں کے قریب اور اس کی پیٹھ پر اورکچھ زخم کافی گہرے تھے۔ ہاسپٹل کے رہائشی میڈیکل آفیسر ڈاکٹر کیتن نائک نے بتایا کہ ڈاکٹروں نے لڑکی کا ایک معمولی آپریشن کیا تھا اور وہ تین دن کے علاج کے بعد صحت یاب ہو رہی تھی، لیکن اچانک دم توڑگئی۔، میئر ہیمالی بین بوگھوالا نے بتا یا کہ سورت میونسپل کارپوریشن نے کتوں کی نس بندی کے لیے ایک غیر سرکاری اسپتال کی خدمات حاصل کی ہیں اور روزانہ 30 کتوں کی نس بندی کی جاتی ہے، شہر میں کتوں کی آبادی 20 ہزار ہے اورکارپوریشن کتوں کی لعنت پر قابو پانے کے لیے ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔