حیدرآباد۔/22 فروری، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے عنبرپیٹ علاقہ میں آوارہ کتوں کے حملہ میں کمسن پردیپ کی موت پر گہرے دکھ کا اظہار کیا۔ میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریونت ریڈی نے کہا کہ کے ٹی راما راؤ وزیر بلدی نظم و نسق کی حیثیت سے ناکام ہوچکے ہیں اورآوارہ کتوں کے حملہ میں 5 سالہ کمسن کی موت پر تلنگانہ حکومت کا رویہ غیر انسانی ہے۔ انہوں نے طنز کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد کی میئر اس واقعہ کو کتوں کے بھوکا ہونے کا نتیجہ قرار دے رہی ہیں اور حکومت کے مطابق کتے انسانوں کو کاٹنے پر مجبور ہیں۔ کتوں کے کاٹنے سے انسان کے مرنے پر کارروائی کے بجائے تلنگانہ کے وزیر کتوں کی نسبندی کی باتیں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کمسن لڑکے کے لواحقین کو ایکس گریشیا کی ادائیگی کے بجائے کے ٹی آر صرف Sorryکہنے پر اکتفاء کررہے ہیں۔ حکومت کے پاس ہمدردی کے الفاظ تک نہیں ہیں۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کرے۔ر