نارائنا اور عزیز پاشاہ نے بی فارم حوالے کیا
حیدرآباد ۔7۔نومبر (سیاست نیوز) سی پی آئی اسمبلی انتخابات میں کانگریس پارٹی کی تائید سے کتہ گوڑم اسمبلی حلقہ سے مقابلہ کرے گی ۔ سی پی آئی کے ریاستی سکریٹری کے سامبا سیوا راؤ کو پارٹی امیدوار کے طور پر آج بی فارم حوالے کیا گیا۔ پارٹی کے قومی سکریٹریز ڈاکٹر کے نارائنا ، سید عزیز پاشاہ اور قومی عاملہ کے رکن چاڈا وینکٹ ریڈی نے مخدوم بھون میں سامبا سیوا راؤ کو بی فارم حوالے کیا۔ سی پی آئی کو اسمبلی کی ایک نشست کے علاوہ پارٹی برسر اقتدار آنے پر قانون ساز کونسل میں دو نشستیں الاٹ کی جائیں گی ۔ کانگریس سے انتخابی مفاہمت ہونے کے بعد کتہ گوڑم سے سامبا سیوا راؤ کے نام کو قطعیت دی گئی ۔ اس موقع پر ڈاکٹر نارائنا نے کہاکہ غریبوں اور مزدوروں کے مسائل کے حل کیلئے سی پی آئی نے ہمیشہ جدوجہد کی ہے۔ عوام سے اپیل کی گئی کہ سی پی آئی امیدوار کو بھاری اکثریت سے منتخب کیا جائے ۔ 1987 ء میں کتہ گوڑم منڈل پرجا پریشد صدر کی حیثیت سے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا تھا ۔ 2009 ء میں متحدہ آندھرا پردیش میں کتہ گوڑم حلقہ سے سامبا سیوا راؤ پہلی مرتبہ منتخب ہوئے تھے۔ وہ متحدہ کھمم ضلع سکریٹری اور پھر ستمبر 2022 ء میں سی پی آئی ریاستی سکریٹری عہدہ پر فائز ہوئے۔