نئی دہلی: چیف منسٹردہلی اروند کجریوال کو ایک اور جھٹکہ دیتے ہوئے دہلی کی عدالت نے 5 جون کو مبینہ اکسائز پالیسی اسکام سے منسلک منی لانڈرنگ کیس میں طبی بنیادوں پر عبوری ضمانت کی ان کی درخواست کو خارج کر دیا۔خصوصی جج کاویری باویجا نے تہاڑ جیل حکام کو ہدایت دی کہ وہ عدالتی تحویل میں ان کی طبی ضروریات کا خیال رکھیں۔جج نے کجریوال کی عدالتی حراست میں بھی 19 جون تک توسیع کر دی۔عدالت اس کیس میں ڈیفالٹ ضمانت کی درخواست پر 7 جون کو سماعت کرے گی۔یکم جون کو سماعت کے دوران ای ڈی نے درخواست کی مخالفت کرتے ہوئے کہا تھا کہ انہوں نے پورے لوک سبھا انتخابات میں مہم چلائی لیکن اب جب خودسپردگی کرنی پڑی تو وہ اچانک بیمار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں۔عام آدمی پارٹی کے قومی کنوینر نے 2 جون کو تہاڑ جیل میں خودسپردگی کر دی کیونکہ سپریم کورٹ کی طرف سے دی گئی ان کی عبوری ضمانت کی میعاد یکم جون کو ختم ہو رہی تھی۔