کجریوال کی عدالتی حراست میں 23 اپریل تک توسیع

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے پیر کو دہلی کے مبینہ شراب گھوٹالے میں وزیر اعلی اروند کجریوال کی گرفتاری سے متعلق دائر درخواست پر انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ سے جواب طلب کیا ہے۔ عدالت نے 24 اپریل یا اس سے پہلے جواب داخل کرنے کو کہا ہے۔ عدالت اس معاملے کی دوبارہ سماعت 29 اپریل کو کرے گی۔ کجریوال کی طرف سے ابھیشیک منو سنگھوی اور ای ڈی کی طرف سے سالیسٹر جنرل نے دلائل پیش کئے۔ سنگھوی نے عدالت سے کہا کہ میں آپ کے سامنے کچھ چونکا دینے والے حقائق پیش کرنا چاہتا ہوں۔ اس پر عدالت نے کہا کہ نوٹس جاری کریں۔ سنگھوی نے کہا کہ سماعت کی تاریخ اس جمعہ کو رکھی جائے۔ اس پر عدالت نے کہا کہ ہم آپ کو قریب ترین تاریخ دے سکتے ہیں لیکن آپ کی تجویز کردہ تاریخ نہیں۔ سنگھوی نے کہا کہ یہ گرفتاری صرف کجریوال کو انتخابی مہم سے روکنے کے لیے کی گئی تھی۔ اس کے بعد عدالت نے کہا کہ ہم اس مہینے کے آخری ہفتے میں سماعت کریں گے۔دہلی کی راؤس ایونیو کورٹ نے پیر کو وزیر اعلی اروند کجریوال کی عدالتی تحویل میں 23 اپریل تک توسیع کر دی۔ راؤس ایونیو کورٹ کی خصوصی جج کاویری باویجا نے یہ حکم دیا۔