کجریوال کی مشکلات میں اضافہ !!ای ڈی کو سابق دہلی چیف منسٹر کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت؟

,

   

نئی دہلی : ٖ سابق چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی مشکلات میںاضافہ ہوسکتا ہے کیونکہ ذرائع کے مطابق دہلی کے لیفٹننٹ گورنر وی کے سکسینہ نے انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو ان کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت دیدی ہے ۔ یہ مقدمہ شراب پالیسی اسکام میں منی لانڈرنگ کے الزامات کے تحت چلایا جائیگا ۔ اروند کجریوال کے خلاف یہ اجازت ایسے وقت میں دی گئی ہے جبکہ دہلی میں اسمبلی انتخابات ہونے والے ہیں اور لوک سبھا انتخابات کی شکست کے بعد سے یہ انتخابات کجریوال کیلئے کٹھن مرحلہ ہوسکتے ہیں۔ عام آدمی پارٹی نے تاہم اس کو ایک جھوٹا اور گمراہ کن پروپگنڈہ قرار دیا اور انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ سے کہا ہے کہ وہ لیفٹننٹ گورنر کی جانب سے دی گئی اجازت کی نقل دکھائے ۔ کجریوال کے خلاف انسداد منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت پہلے ہی مقدمہ درج کرلیا گیا تھا تاہم اس میں سماعت شروع نہیںہوئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے واضح کردیا تھا کہ سرکاری عہدوں پر فائز افراد کے خلاف منی لانڈرنگ ایکٹ کے تحت مقدمہ چلانے کیلئے لیفٹننٹ گورنر کی اجازت ضروری ہے ۔ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ نے چیف سکریٹری کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے مقدمہ چلانے کی اجازت طلب کی تھی ۔ بی جے پی نے تاہم اب عام آدمی پارٹی کے خلاف اپنے الزامات میں شدت پیدا کردی ہے ۔ دہلی بی جے پی صدر وریندر سچدیو نے کجریوال کے خلاف مقدمہ چلانے کی اجازت کا خیرمقدم کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ابتداء سے کہہ رہے تھے کہ کجریوال نے شراب اسکام میں کمیشن حاصل کیا ہے ۔ تحقیقات آگے بڑھنے کے بعد یہ بات ثابت ہوجائے گی ۔ انہوں نے دہلی کو تباہ کردیا ہے اور کروڑوں روپئے لوٹ لئے ہیں۔ مسٹر سچدیو نے کہا کہ ہم مقدمہ چلانے کی اجازت کا خیر مقدم کرتے ہیں۔ چیف منسٹر دہلی آتشی نے کہا کہ دیگر مسائل سے عوام کی توجہ ہٹانے یہ پروپگنڈہ کیا جا رہا ہے اور واقعی اجازت دی گئی ہے تو ای ڈی کو اس کا مکتوب دکھانا چاہئے ۔