کجریوال کی گارنٹی‘ کے تحت 15 وعدوںکااعلان

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (عآپ) کے رہنما اروندکجریوال نے پیرکو ’کیجریوال کی گارنٹی‘ کے تحت 15 انتخابی وعدے جاری کیے، جن میں نوجوانوں کے لیے ملازمتوں کی ضمانت، خواتین کے لیے ماہانہ 2,100 روپے کی مالی امداد، نئے راشن کارڈز اور اضافی پانی اور بجلی کے بلوں کی معافی شامل ہیں۔کجریوال نے ایک نیا اعلان بھی کیا، جس میں قومی دارالحکومت میں آٹو، ٹیکسی اور ای رکشہ ڈرائیوروں کی بیٹیوں کی شادی کے لیے 1 لاکھ روپے کی مالی امداد اور ڈرائیوروں کے لیے 10 لاکھ روپے کا لائف انشورنس شامل ہے۔5 فروری کو ہونے والے اسمبلی انتخابات کے لیے حتمی منشور جاری کرتے ہوئے، دہلی کے سابق چیف منسٹرٰ نے اعتراف کیا کہ وہ اپنے2020 کے انتخابی وعدے پورے نہیں کر سکے، جن میں جمنا کی صفائی، 24 گھنٹے صاف پینے کا پانی فراہم کرنا اور یورپی معیارکی سڑکیں بنانا شامل تھے۔ انہوں نے کہا میں تسلیم کرتا ہوں کہ ہم ان کاموں کوکوویڈ19 اور ہماری ٹیم کی قید کی وجہ سے مکمل نہیں کر سکے۔ یہ تینوں کام میرے خواب ہیں اور اگلے پانچ سالوں میں ہم ان کو مکمل کریں گے کیونکہ ہمارے پاس فنڈز موجود ہیں۔