کجریوال کے بنگلے میں 45 نہیں171 کروڑ روپے خرچ کیے گئے: اجئے ماکن

   

نئی دہلی :کانگریس کے سینئر لیڈر اجئے ماکن نے دہلی کے وزیر اعلیٰ اروند کجریوال کے بنگلے کی سجاوٹ میں کیے گئے خرچ کو لے کر ایک بڑا انکشاف کیا ہے۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعلیٰ کجریوال کے بنگلے کو نئی شکل دینے میں 45 کروڑ روپے نہیں بلکہ تین گنا یعنی 171 کروڑ روپے خرچ ہوئے ہیں۔قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر اعلیٰ کجریوال کے گھر کی مرمت اور سجاوٹ وغیرہ میں 45 کروڑ روپے خرچ کیے جانے کا موضوع اس وقت بحث کا مرکز بنا ہوا ہے۔ اب اجئے ماکن کے نئے دعویٰ نے اس بحث کو مزید طول دے دی ہے۔ ماکن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ کے رہائشی احاطہ کی توسیع کے لیے ان کی حکومت کے اْن افسران کے لیے اضافی فلیٹ خریدنے پڑے جن کے گھروں کو یا تو منہدم کرا دیا گیا یا خالی کرا دیا گیا۔کانگریس لیڈر نے الزام عائد کیا کہ دہلی کی عوام کا 171 کروڑ روپیہ کووڈ بحران کے وقت میں خرچ کر دیا گیا۔ یہ وہ وقت تھا جب دہلی کے لوگ آکسیجن کے لیے ترس رہے تھے، ہاسپٹلس میں مزید بیڈ کی ضرورت تھی اور جب غریب آدمی کھانے کو ترس رہا تھا۔ ماکن نے دعویٰ کیا کہ زیر تعمیر احاطہ میں 22 آفیسرز کے فلیٹ ہیں جنھیں توڑا اور خالی کرایا گیا ہے۔ اس کے ازالہ کے لیے حکومت نے کامن ویلتھ گیمز ولیج میں تقریباً 126 کروڑ روپے کے 21 ٹائپ۔5 فلیٹ خریدے ہیں۔