کرائم برانچ کی ٹیم اروند کجریوال کے گھر پر

   

نئی دہلی: دہلی پولیس کی کرائم برانچ کی ٹیم ہفتہ کو چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال کی رہائش گاہ پر پہنچ گئی۔ کرائم برانچ کی ٹیم ’عآپ کے ارکان اسمبلی کو بی جے پی کی جانب سے خریدنے کی کوشش کر نے کے الزامات‘ کے معاملہ پر دہلی کے چیف منسٹرکو نوٹس پیش کرنے پہنچی۔ قبل ازیں، کرائم برانچ کی ٹیم جمعہ کی شام نوٹس لے کر وزیر اعلیٰ کی رہائش گاہ پر پہنچی تھی لیکن کسی نے اسے حاصل نہیں کیا تھا۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالہ سے کہا گیا ہے کہ دہلی چیف منسٹر کا دفتر نوٹس لینے کو تیار ہو گیا ہے تاہم کرائم برانچ کی ٹیم کا دعویٰ تھا کہ چیف منسٹر آفس ریسیونگ دینے کو تیار نہیں ہے۔ ذرائع کے مطابق چیف منسٹرکی رہائش کے بعد کرائم برانچ کی ٹیم دہلی کی وزیر آتشی کی رہائش پر بھی نوٹس لے کر پہنچی تھی لیکن وہاں بھی نوٹس قبول نہیں کیا گیا۔ لہذا کرائم برانچ کی ٹیم کو دونوں مقامات سے خالی ہاتھ لوٹنا پڑا تھا۔ دہلی کے وزیر اعلی اروند کجریوال نے الزام لگایا تھا کہ بی جے پی لیڈر عام آدمی پارٹی کے ارکان اسمبلی کو پیسے کا لالچ دے کر توڑنا چاہتے ہیں۔ اس کے بعد وزیر آتشی نے ایک پریس کانفرنس میں الزام لگایا تھا کہ بی جے پی نے سات ارکان اسمبلی سے رابطہ کیا ہے اور ہر ایک کو 25 کروڑ روپے کی پیشکش کی ہے۔ اس کے علاوہ انہیں پارٹی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کا لالچ بھی دیا گیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بی جے پی ان کی پارٹی کے 21 ارکان اسمبلی کو توڑنا چاہتی ہے۔