کراچی 18 فروری (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان میں زہریلی گیس سے 14 افراد ہلاک اور دیگر کئی متاثر ہوگئے۔ حکام نے بتایا کہ پاکستان کے بندرگاہی شہر کراچی میں اِس واقعہ کی اطلاع کے ساتھ ہی تنفس کی شدید شکایت پر کئی افراد کو قریبی دواخانوں میں شریک کیا گیا۔ کراچی پولیس کے سربراہ غلام نبی مینن نے بتایا کہ اِس حادثہ کی امکانی وجوہات کا ابھی تک کوئی سراغ نہیں ملا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ زہریلی گیس کے اخراج کا معمہ ابھی تک غیر واضح ہے۔ ڈان اخبار کی اطلاع کے مطابق زہریلی گیس سے تاحال 14 افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ ضیاء الدین ہاسپٹل کے ترجمان عامر شہزاد نے بتایا کہ اُن کے ہاسپٹل میں 9 افراد کی موت ہوئی ہے۔ درجنوں افراد کو مختلف دواخانوں میں شریک کیا گیا ہے۔ غلام نبی مینن نے بتایا کہ پولیس کے اعلیٰ عہدیدار ڈاکٹرس کے ساتھ حادثہ کی اصل نوعیت کا پتہ لگانے کی کوشش کررہے ہیں۔ اِسی دوران کراچی کے کمشنر افتخار شلوانی نے بتایا کہ ایک جہاز سے سویابین کو اُتارا جارہا تھا یا کسی طرح کی کسی چیز کے باعث زہریلی گیس کا اخراج اِس حادثہ کی وجہ ہوسکتی ہے۔ جہاز سے سامان اُتارنے کا کام روک دیا گیا ہے اور علاقہ میں پھیلی ہوئی بدبو کو ختم کردیا گیا۔
