کردار پر شبہ سے دل برداشتہ خاتون کی خود کشی

   

حیدرآباد ۔ 12 ۔ اگست (سیاست نیوز) شوہر کی معذوری سے مجبور خاتون نے کردار پر شبہ سے دلبرداشتہ ہوکر خودکشی کرلی ۔ بالانگر پولیس حدود میں یہ واقعہ پیش آیا ۔ جہاں 28 سالہ لکشمی نے 9 اگست کے دن نامعلوم زہریلی دوا کا استعمال کرلیا اور کل علاج کے دوران فوت ہوگئی ۔ لکشمی وینائک نگر بالا نگر علاقہ کے ساکن مرلی کی بیوی تھی، اس خاتون کا شوہر ذہنی معذور تھا جس کے سبب گھریلو کام کاج کے علاوہ بازار کی مصروفیت بھی لکشمی کے ذمہ تھی ۔ اس خاتون کے کردار پر سسرالی رشتہ دار شک کرتے تھے اور اس کو ہراساں کیا جارہا تھا ۔ جب بھی خاتون بازار سے واپس ہوتی تو اس کے کردار پر شک کرتے ہوئے طرح طرح کی باتیں کی جاتی تھیں۔ ان باتوں اور شوہر کی معذوری سے دلبرداشتہ ہوکر خاتون نے خودکشی کرلی ۔ بالا نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے ۔