کرسمس اور سنکرانتی تہوار آبائی مقامات کو روانہ ہونے والوں کو پولیس کی اڈوائزری جاری

   

Ferty9 Clinic

محمود علی خان
حیدرآباد 21 ڈسمبر ۔ کرسمس، نئے سال اور سنکرانتی کے تہواروں کے سیزن کے قریب آنے کے ساتھ نارتھ زون پولیس نے ایک اڈوائزری جاری کی ہے جس میں شہریوں پر زور دیا گیا ہے کہ وہ اپنے آبائی مقامات کا سفر کرتے ہوئے اپنے گھروں اور قیمتی چیزوں کی حفاظت کے لئے احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ پولیس نے متنبہ کیاکہ تعطیلات کے دوران جو مکانات دیکھے نہیں جاتے وہ اکثر چوری اور جائیداد سے متعلق دیگر جرائم کا شکار ہوجاتے ہیں۔ شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ باہر جانے سے پہلے تمام دروازے اور کھڑکیاں ٹھیک طرح سے بند کریں اور اپنے مقامی پولیس اسٹیشن کو ان کی روانگی اور واپسی کی تاریخ سے آگاہ کریں تاکہ گشت میں اضافہ ہو۔ رہائشیوں سے کہا گیا ہے کہ وہ پڑوسیوں اور مقامی واچ مین یا کمیٹی کو مطلع کریں تاکہ وہ خالی مکانات پر نظر رکھ سکے۔ اڈوائزری میں سی سی ٹی وی کیمروں، موشن سینسرز کے ساتھ سکیورٹی الارم لگانے اور خالی جگہوں جیسے اخبارات، کچرے کے تھیلے یا دودھ کے پیکٹ گھروں کے باہر نظر آنے سے گریز کرنے کی سفارش کی گئی ہے۔
پولیس نے مزید مشورہ دیا کہ بینک لاکرس میں قیمتی اشیاء، نقدی اور زیورات کو محفوظ کریں۔ سوشل میڈیا پر سفری منصوبہ بندی یا لائیو لوکیشنز شیئر کرنے سے گریز کریں۔ گاڑی مالکین اپنی گاڑیوں کو بحفاظت رکھیں اور یقینی بنائیں کہ گاڑی لاک ہیں اور ساتھ ہی اضافی حفاظتی آلات استعمال کریں۔ نارتھ زون پولیس نے کہاکہ مقامی پولیس اسٹیشن خالی مکانات کا ریکارڈ برقرار رکھیں گے اور رہائشی علاقوں میں دن رات بیٹ گشت کو تیز کریں گے۔ شہریوں سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ کسی بھی مشکوک سرگرمی یا نامعلوم افراد کی اطلاع فوری طور پر 100 پر ڈائل کرکے یا قریبی پولیس اسٹیشن سے ربط کریں۔ رشمی پیرومل ڈی سی پی نارتھ زون نے زور دیا کہ عوامی چوکسی اور بروقت معلومات سے تہوار کے پرامن اور محفوظ موسم کو یقینی بنانے میں مدد مل سکتی ہے۔