کرسمس اور نئے سال میں اندرون ملک فضائی کرایوں میں اضافہ

   


مسافروں کا ٹکٹ بکنگ میں غیر معمولی ردعمل ، پروازوں کی تعداد محدود

حیدرآباد۔19۔نومبر(سیاست نیوز) اندورن ملک کرسمس اور نئے سال کی تعطیلات کے دوران بغرض تفریح دوسرے شہروں کو بذریعہ طیارہ سفر کرنے والے مسافرین کے لئے ٹکٹوں کی قیمت میں زبردست اضافہ ریکارڈ کئے جانے کا امکان ہے کیونکہ ملک میں چلائی جانے والی فضائی کمپنیوں کے زائد از 75 ائیر کرافٹ مرمتی کاموں اور ان کی جانچ کے لئے رکے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مصروف ترین فضائی راہداریوں پر چلائی جانے والی پروازوں کی تعداد کم کی گئی ہے۔فضائی کمپنیوں کا کہناہے کہ دسہرہ اور دیوالی کے دوران فضائی مسافرین کوبھاری قیمتوں میں ٹکٹ حاصل کرنے پڑے تھے اور تعطیلات کے اس موسم میں تمام پروازیں 100 فیصد مسافرین کے ساتھ چلائی گئی تھیں اور توقع ہے کہ آئندہ ماہ کے آخری ہفتہ اور جنوری 2023کے پہلے ہفتہ کے دوران بھی یہی صورتحال رہے گی اور فضائی مسافرین کی جانب سے کروائی جانے والی بکنگ کو دیکھتے ہوئے یہ کہا جارہاہیکہ 100 فیصد مسافرین کے ساتھ چلائی جانے والی پروازوں کے ٹکٹ کی قیمت بھی کافی زیادہ ہوسکتی ہے ۔بتایاجاتا ہے کہ اندرون ملک چلائی جانے والی پروازوں میں حیدرآباد۔بنگلورو‘ دہلی ۔ممبئی ‘ دہلی۔پٹنہ‘دہلی ۔گوا‘ دہلی ۔کولکتہ کے علاوہ دیگر شہروں کے لئے چلائی جانے والی پروازوں میں کی گئی کمی کے سبب مسافرین کو اضافی قیمتوں میں ٹکٹ کی خریدی کرنی پڑسکتی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ گذشتہ ماہ اکٹوبر کے دوران دیوالی کے موقع پر ٹکٹوں کی قیمتوں میں معمول کی قیمتوں سے 50 فیصد تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا جبکہ ڈسمبر کے دوران 13 فیصد سے 115 فیصد تک ٹکٹوں کی قیمتوں میں اضافہ کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کیونکہ دوسرے شہروں میں نئے سال یا کرسمس منانے کی تیاری کرنے والوں کی جانب سے ٹکٹ بک کئے جانے لگے ہیں اور جو لوگ منصوبہ بندی کر رہے ہیں وہ ٹکٹوں کی قیمتوں کا جائزہ لے رہے ہیں لیکن انہیں اضافی قیمتوں میں مزید اضافہ کے ساتھ ہی ٹکٹ خریدنی پڑسکتی ہے کیونکہ پروازوں کی تعداد میں اضافہ کے امکانات نہیں ہیں لیکن اندرون ملک مختصر تعطیلات منانے کی تیاری کرنے والوں کی تعداد میں زبردست اضافہ ریکارڈ کیا جاسکتا ہے۔فضائی کمپنیوں کی سرگرمیوں کا جائزہ لینے والے اداروں کے ذمہ داروں کا کہناہے کہ ہندستان میں اندرون ملک تعطیلات کے لئے دیگر شہروں کا رخ کرنے کا رجحان فروغ پا رہا ہے اورملک کے کئی شہروں میں جہاں نئے سال کے موقع پر تقاریب منعقد کی جاتی ہیں ان شہروں کو پہنچنے والے فضائی مسافرین کے لئے ہونے والی مشکلات میں اضافہ ہوگا۔م