احمدآباد: نیوزی لینڈ کے خلاف آئی سی سی عالمی ٹسٹ چمپئن شپ فائنل اور انگلینڈ دورے کیلئے اسٹینڈ بائی کھلاڑی کے طور پر ٹیم میں منتخب کئے گئے ہندوستان اور کولکتہ نائٹ رائڈرس کے تیزگیندباز پرسدھ کرشنا کورونا سے متاثر پائے گئے ہیں۔ ایسے میں ان کے انگلینڈ دورے میں شامل ہونے پر شبہ پیدا ہوگیا ہے ۔ کرشنا کے کے آر کے چوتھے کھلاڑی ہیں جو کورونا سے متاثر ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے ورون، سندیپ اور نیوزی لینڈ کے ٹم سیفرٹ اس وبا کی زد میں آئے تھے ۔ کرشنا آئی پی ایل کے دوران احمدآباد میں پوری ٹیم کے مستقل طور سے ہوئے ٹسٹ میں ورون اور سندیپ کے متاثر ہونے کے بعد نگیٹیو آئے تھے ۔ بی سی سی آئی اور کے کے آر کے ذرائع کے مطابق کرشنا اپنے گھر بنگلور میں واپسی پر ہوئے ٹسٹ میں مثبت پائے گئے ہیں۔ فرنچائزی کے ذرائع نے بتایا کہ بایو ببل چھوڑنے تک وہ ٹھیک تھے ۔ بی سی سی آئی کے ذرائع نے کہا کہ کرشنا کی انگلینڈ کے لئے پرواز کرنے سے پہلے رپورٹ نگیٹیو آنی ہوگی۔وہ وردھمن ساہا کی طرح فٹنس کلیئرنس کے ماتحت ہوں گے ، جو آئی پی ایل کے دوران پازیٹیو پائے گئے تھے ۔ ٹھیک ہونے کے لئے ان کے پاس صرف تین ہفتے کا وقت باقی ہے ۔