حیدرآباد ۔ /23 فبروری (سیاست نیوز) حالت نشہ میں گاڑی چلانے کے نتیجہ میں شہر کے علاقہ کرمن گھاٹ میں ایک المناک سڑک حادثہ پیش آیا جس میں بچپن کے تینوں دوست برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ ایک زخمی ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق 29 سالہ ونائک ملک ارجن جو پیشہ سے سافٹ ویئر انجنیئر ہے اور نیوسعیدآباد کالونی کا ساکن ہے ۔ وہ اپنے 3 ساتھیوں 27 سالہ پی سائی ناتھ ساکن سرسوتی نگر سعیدآباد ، 28 سالہ سری رام نائیک ساکن سنتوش نگر اور ایم رام پرساد کلیان جو آپس میں بچپن کے دوست ہیں گرم گڈہ علاقہ میں ایک پارٹی میں شرکت دور ان شراب نوشی کی اور حالت نشہ میں گاڑی چلاتے ہوئے سعیدآباد کی سمت بذریعہ ساگر رنگ روڈ سعیدآباد پہونچ رہے تھے کہ ان کی تیز رفتار کار نے توازن کھودیا اور صبح کی اولین ساعتوں میں حادثہ کا شکار ہوگیا ۔ اس حادثہ میں تینوں دوست برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ کلیان زخمی ہوگیا ۔ اس حادثہ میں I20 کار جس کا نمبر TS11EG-0054 ہے کو شدید نقصان پہونچا ۔ سرورنگر پولیس کے بموجب تینوں نوجوان حالت نشہ میں تھے اور کسی نے بھی سیٹ بیلٹ کا استعمال نہیں کیا تھا اور حادثہ کے دوران برسرموقع ہلاک ہوگئے ۔ کار کی ٹکر کے نتیجہ میں وہاں پر موجود دیگر موٹر سائیکل اور گاڑیوں کو نقصان پہونچا ۔ اس حادثہ کی ریکارڈنگ وہاں کے سی سی ٹی وی کیمرے میں قید کی گئی جس کے فوٹیج سے سرورنگر پولیس کو حادثہ کا شکار ہونے کا پتہ چلا ۔ مقامی افراد اور پولیس کی مدد سے نعشوں کو بغرض پوسٹ مارٹم دواخانہ عثمانیہ کے مردہ خانہ منتقل کیا گیا جبکہ کلیان خانگی دواخانہ میں زیرعلاج ہے ۔ سرورنگر پولیس نے اس ضمن میں ایک مقدمہ درج کرتے ہوئے تحقیقات کا آغاز کردیا اور سی سی ٹی وی فوٹیج کی بنیاد پر تحقیقات کا آغاز کیا ۔