کرناٹک اسمبلی انتخابات ، تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کی مہم

   

بنڈی سنجے اور دیگر قائدین کو ذمہ داری ، تلگو عوام کی قابل لحاظ تعداد پر پارٹی کا فیصلہ
حیدرآباد۔22۔مارچ(سیاست نیوز) کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے دوران بھارتیہ جنتا پارٹی نے تلنگانہ کے بی جے پی قائدین کو انتخابی مہم میں ذمہ داریاں تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے بی جے پی قائدین کو کارکنوں کو ریاست کرناٹک کے ان اضلاع و حلقہ جات اسمبلی جہاں تلگو بولنے والے رائے دہندوں اور عوام کی قابل لحاظ تعداد ہے ان علاقوں میں انتخابی مہم کے لئے بی جے پی ان قائدین کو ذمہ داری دے رہی ہے۔ذرائع کے مطابق کرناٹک اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی نے ڈی کے ارونا‘ بنڈی سنجے کے علاوہ دیگر قائدین کو کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کے اختتام تک کی ذمہ داری تفویض کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور پارٹی کے فیصلہ کے مطابق بیدر‘ کوپل‘ یادگیر‘ بیدر‘ کلبرگی اور بیلاری اضلاع میں تلنگانہ قائدین کو اہم ذمہ داریاں تفویض کرنے کے اقدامات کئے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کامیابی کے لئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے کرناٹک کو 5حصوں میں منقسم کرتے ہوئے مقامی ‘ قومی پڑوسی ریاستوں اور اندرون ریاست اہم قائدین کو ذمہ دار بنانے کے اقدامات کئے ہیں جن میں تلنگانہ قائدین بالخصوص تلگو داں طبقہ تک رسائی کے لئے انہیں ذمہ داری دی گئی ہے۔پارٹی ذرائع کا کہناہے کہ ریاست کرناٹک میں پارٹی اپنے امکانات کو مزید مستحکم بنانے کیلئے آئندہ دنوں میں دیگر قائدین بالخصوص آندھراپردیش کے سرحدی اضلاع اور تلنگانہ وکرناٹک کے سرحدی اضلاع و مواضعات کے قائدین کو بھی کرناٹک اسمبلی انتخابات میں اہم ترین ذمہ داریاں فراہم کرسکتی ہے۔کرناٹک اسمبلی انتخابات میں کامیابی بی جے پی کیلئے جنوبی ہند میں پارٹی کو مستحکم کرنے کے لئے انتہائی اہم ہوچکی ہے۔ م