اسپیکر کی رولنگ ۔ باغی ارکان کو بھی ان کے سامنے پیش ہونے 11 بجے تک کی مہلت
بنگلورو 22 جولائی ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک اسمبلی میں چیف منسٹر کماراسوامی کی تحریک اعتماد پر آج بھی کوئی فیصلہ نہیں ہوپایا اور گہما گہمی و ایک دوسرے پر الزامات و رسہ کشی کے دوران اجلاس کو کل منگل کی صبح 10 بجے تک کیلئے ملتوی کردیا گیا ہے ۔ اسپیکر اسمبلی کے آر رمیش کمار نے اعلان کیا ہے کہ ایوان میں منگل کی شام 6 بجے تک تحریک اعتماد پر رائے دہی کا عمل مکمک کرلیا جائیگا ۔ اس سے قبل ایوان میں تحریک اعتماد پر رائے دہی کیلئے ریاستی گورنر وجو بھائی والا نے دو مرتبہ مہلت مقرر کی تھی تاہم ایسا نہیں ہوسکا تھا ۔ آج سپریم کورٹ نے دو آزاد ارکان اسمبلی کی ایک درخواست پر جلد سماعت سے انکار کردیا جس میں انہوں نے استدعا کی تھی کہ ایوان اسمبلی میں عددی طاقت آزمائی کو فوری یقینی بنانے کی ہدایت دی جائے ۔ عدالت نے کہا کہ اس درخواست پر منگلکو سماعت کیلئے غور کیا جاسکتا ہے ۔ بی جے پی لیڈر بی ایس ایڈورپا نے اصرار کیا تھا کہ آج ہی رات میں ایوان میں طاقت آزمائی ہوجانی چاہئے ۔ انہوں نے کہا تھا کہ نصف شب کے بعد تک بھی کارروائی جاری رکھی جاسکتی ہے اور رائے دہی کروائی جانی چاہئے ۔ اسپیکر نے بھی جے ڈی ایس اور کانگریس ارکان کی جانب سے مباحث کو طوالت دئے جانے پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے ارکان سے خواہش کی تھی کہ انہیں بلی کا بکرا نہ بنایا جائے کیونکہ ایوان کی کارروائی کا ہر کوئی مشاہدہ کر رہا ہے ۔ علاوہ ازیں اسپیکر نے باغی ارکان اسمبلی کو نوٹس بھی جاری کردی ہے اور انہیں منگل کی صبح 11 بجے تک حاضر رہنے کی ہدایت دی ہے ۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ اگر باغی ارکان کل تک اسپیکر کے روبرو حاضر نہ ہوئے تو انہیں نااہل قرار دیدیا جائیگا ۔ کانگریس کے وزیر ڈی کے شیوکمار نے کہا کہ بی جے پی کی جانب سے ان ناراض ارکان اسمبلی کو یہ تیقن دینے کی کوشش کی جا رہی ہے کہ انہیں نا اہل قرار نہیں دیا جائیگا اور انہیں وزیر بھی بنادیا جائیگا ۔ ملک کے دستور کے مطابق اگر ارکان کو نااہل قرار دیدیا جاتا ہے تو وہ دوبارہ ایوان کے رکن نہیں بن پائیں گے ۔ اس دوران چیف منسٹر کمارا سوامی نے ایوان میں انکشاف کیا کہ ان کے ایک جعلی مکتوب استعفی کا چلن بھی شروع کردیا گیا ہے ۔ انہوں نے جعلی مکتوب ایوان میں بھی پیش کیا جو سوشیل میڈیا پر وائرل ہوگیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ وہ نہیں جانتے کہ چیف منسٹر بننے کون بے چین ہے ۔ تاہم کسی نے ان کے فرضی دستخط کرکے مکتوب سوشیل میڈیا میں عام کردیا ۔ چیف منسٹر نے کہا کہ اس طرح کی سستی شہرت کی کوششوں پر انہیں حیرت ہوئی ہے ۔