اسمبلی کیلئے 65.69 فیصد پولنگ
بنگلورو: کرناٹک میں تمام 224 اسمبلی سیٹوں پر آج پولنگ ہوئی۔ الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے تھے۔ کہیں سے کسی قابل ذکر ناخوشگوار واقعہ کی اطلاع نہیں ہے۔ الیکشن مجموعی طور پر پرامن رہا اور اب نتائج ای وی ایم میں بند ہوچکے
ہیں۔ اب دو دن بعد ہفتہ 13 مئی کو نتائج کا اعلان ہوگا۔ کرناٹک اسمبلی انتخابات میں شام 5 بجے تک 65.69 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔سہ رخی مقابلہ کے دوران تمام 224 سیٹوں پر ایک ہی مرحلہ میں ووٹنگ ہوئی۔ بی جے پی دوسری میعاد کی امید رکھتی ہے جبکہ کانگریس ریاست میں ہر بار اقتدار بدلنے کے رجحان پر اپنی امیدیں باندھ رہی ہے۔61 سیٹوں پر اچھی پوزیشن کے ساتھ جنتادل سیکولر دونوں قومی پارٹیوں کا کھیل خراب کرسکتی ہے۔ اگزٹ پولس میں کانگریس کی لہر بتائی جارہی ہے۔ بی جے پی 78-90 کے ساتھ اقتدار سے بیدخل ہورہی ہے جبکہ کانگریس 107-119 نشستیں جیت کر اقتدار پر واپسی کررہی ہے۔
اگزٹ پول کے مطابق کانگریس کو 43 فیصد ووٹ حاصل ہوئے ، بی جے پی کو 35 فیصد اور جے ڈی ایس کو 16 فیصد ووٹ ملے ۔ اس بار الیکشن لڑنے والوں میں کئی بڑے لیڈر ہیں۔ چیف منسٹر بسواراج بومئی خود چناؤ لڑ رہے ہیں۔ اس کے علاوہ سابق وزیر اعلیٰ سدارمیا، صدر پردیش کانگریس ڈی کے شیوکمار، جے ڈی ایس سربراہ کمارا سوامی جیسے کئی بڑے قائدین انتخابی میدان میں ہیں۔ سابق وزیر اعلیٰ بی ایس یدی یورپا نے صبح سویرے شیموگا اسمبلی حلقہ میں ووٹ ڈالا ۔ اس موقع پر بی جے پی کے سینئر لیڈر یدی یورپا نے کہا کہ انہیں امید ہیکہ 75-80 فیصد رائے دہندگان بی جے پی کی حمایت کریں گے، ہمیں واضح اکثریت ملے گی اور ہم حکومت بنائیں گے۔ ہم 130-135 سیٹیں جیتیں گے۔ بی جے پی اور کانگریس دونوں کی انتخابی مہم بہت پرجوش رہی۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 6 روڈ شو اور 19 عوامی جلسے منعقد کئے جبکہ راہول گاندھی کرناٹک میں 12 دن تک موجود رہے ۔ مشہور اداکار پرکاش راج نے بھی ووٹ ڈالا ۔