کرناٹک الیکشن میں کانگریس کی بھاری اکثریت سے شاندار جیت

,

   

224کے منجملہ137نشستوں پر کامیابی‘چیف منسٹر کے انتخاب کیلئے آج بنگلورو میں سی ایل پی کا اجلاس

بنگلورو: کرناٹک اسمبلی انتخابات کے لیے ووٹوں کی گنتی کا عمل مکمل ہوگیا ہے اور کانگریس پارٹی نے برسر اقتدار بی جے پی کو کراری شکست دی ہے ۔ الیکشن کمیشن نے تمام 224 سیٹوں کے نتائج کا اعلان کردیا جن میں کانگریس پارٹی نے واحد بڑی جماعت ہونے کا اعزاز حاصل کرلیااور اس نے 244کے منجملہ 137نشستوں پر شاندار جیت حاصل کرنا یقینی ہوگیا ہے ۔ کانگریس نے 113 سیٹوں کے اکثریتی اعداد و شمار کو پیچھے چھوڑ دیا ہے اور اس کے امیدواروں نے بھاری تعداد میں سیٹوں پرکامیابی حاصل کی۔ بی جے پی 65 اور جے ڈی (ایس) 19 سیٹوں پر کامیاب رہی۔ آزاد امیدوار 3 سیٹوں پر جیت حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ شاندار کامیابی کے بعد کانگریس پارٹی کیلئے چیف منسٹر کا انتخاب بہت بڑا مرحلہ ہوگا جس کیلئے پارٹی نے اتوار کو بنگلورو میںکانگریس لیجسلیچر پارٹی (سی ایل پی) کا اجلاس طلب کیا ہے۔ سدا رامیا اور ڈی شیو کمار اس دوڑ میں سب سے آگے ہیں۔دوسری طرف موجودہ چیف منسٹر بسواراج بومئی نے کہا کہ ہم توقع کے مطابق کارکردگی نہیں دکھا سکے۔ ایک قومی جماعت کے طور پر ہم صرف تجزیہ ہی نہیں کریں گے بلکہ یہ بھی دیکھیں گے کہ مختلف سطحوں پر کیا کوتاہیاں رہ گئیں۔ ہم اس انتخابی نتائج سے سبق سیکھیں گے اور مستقبل میں اچھا کریں گے۔کرناٹک انتخابی نتائج پر کانگریس لیڈر بی کے ہری پرساد نے کہا کہ یہ 2024 (عام انتخابات) اور 3 ریاستوں میں ہونے والے آئندہ انتخابات کے لیے ایک واضح پیغام ہے، بی جے پی کو اب جانا ہوگا۔ بی جے پی کے جھوٹے وعدوں اور منفی سیاست کے خلاف یہ ایک اچھا مینڈیٹ ہے، ہمیں بہت پہلے واضح مینڈیٹ ملا تھا، پھر بھی انہوں نے ہمارے ایم ایل اے خرید کر حکومت بنائی۔ لوگ اس بار تجربہ نہیں کرنا چاہتے تھے اس لیے انہوں نے کانگریس پارٹی کو واضح اکثریت سے کامیاب کیا ہے ۔ریاست بھر میں سخت حفاظتی انتظامات کے درمیان صبح 8 بجے ووٹوں کی گنتی شروع ہوئی۔اسمبلی الیکشن میں کانگر یس اور بی جے پی میں سخت مقابلہ ہوا دونوں سیاسی جماعتوں کی جانب سے بھرپور مہم چلائی گئی۔اسمبلی کی 224سیٹوں کے لیے پولنگ 10 مئی کو ہوئی تھی جس میں 224 سیٹوں کے لیے ووٹنگ کا تناسب68.72 فیصد تھا۔ کسی جماعت کو اکثریت حاصل کرنے کے لیے 113 نشستیں درکار ہیں۔کانگریس کی شاندار کامیابی کے بعد کانگریس کے قائدین اور کارکنوں میں جشن کا ماحول ہے۔پارٹی ہیڈ کوارٹر س میں کارکنوں نے زبردست جشن منایا اور آتشباری کرتے ہوئے مسرت کا اظہار کیا۔دوسری طرف بی جے پی حلقوں میں زبردست مایوسی دیکھی گئی ۔