کرناٹک انتخابات ‘ ووٹ خریدنے کا رجحان

   

کروڑوں روپئے نقد رقم ‘ سونا اور شراب کی ضبطی ۔ مقدمات درج
حیدرآباد 23 اپریل (سیاست نیوز) پڑوسی ریاست کرناٹک میں الیکشن کمیشن نے جو اب تک کاروائیاں کی ہیں ان میں 253 کروڑ3لاکھ روپئے کی ضبطی ہوئی ہے۔ کرناٹک میں اسمبلی انتخابات کا عمل جاری ہے میں الیکشن کمیشن کی کاروائیوں میں نقد رقومات ‘ شراب‘ سونے و چاندی کے تحفہ تحائف اور دیگر اشیاء کی ضبطی کی تفصیلات میں انکشاف کیا گیا کہ 29مارچ کو انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد سے اب تک 82 کروڑ نقد ضبط کئے گئے ہیں جبکہ 78 کروڑ مالیت کے سونے و چاندی کے زیورات کی ضبطی عمل میں لائی گئی ہے۔اس کے علاوہ 56 کروڑ کی شراب ضبط کی گئی ہے۔ اسمبلی انتخابات میں رائے دہندوں کو راغب کرنے ان میں تقسیم کی جانے والی شراب ‘ تحائف اور رقومات کی ضبطی کے سلسلہ میں کمیشن عہدیدارو ںکا کہنا ہے کہ آئندہ دنوں میں مزید قیمتی اشیاء کی ضبطی کے امکانات ہیں کیونکہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے ووٹرس کو راغب کرنے مختلف ہتھکنڈے اختیار کئے جا رہے ہیں اور انہیں رجحانے کی کوشش کی جا رہی ہے لیکن کمیشن کی مختلف ٹیموں کی جانب سے ایسی حرکات پر خصوصی نگاہ رکھی جاری ہے جس کے نتیجہ میں اب تک 250کروڑ سے زائد مالیت کی اشیاء اور نقدی ضبط کی جاچکی ہے۔بتایاجاتا ہے کہ قیمتی اشیاء ‘ نقدی‘ سونے چاندی کے زیوارات کے علاوہ شراب کی ضبطی میں اب تک کمیشن نے 1873 مقدمات درج کئے ہیں۔ اسمبلی انتخابات میں بھارتیہ جنتا پارٹی ‘ کانگریس اور جنتادل سیکولر کے امیدوار ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش اور اپنی جماعتوں کے امیدواروں کو کامیاب بنانے کوشش کر رہے ہیں اور الیکشن کمیشن رشوت پر خصوصی نظر رکھے ہوئے ہے۔