کرناٹک :تلوار کے ساتھ رقص پر 19 نوجوان گرفتار

   

ایف آئی آر میں اکبر اویسی کی تقریر کا ذکر
حیدرآباد۔ 11۔اکٹوبر(سیاست نیوز) کرناٹک میں مسلم نوجوانوں کے تلوار کے ساتھ رقص پر کی گئی گرفتاری کے معاملہ کو سوشل میڈیا پر اب نئے انداز سے پیش کیا جانے لگا ہے ۔ کرناٹک کے عیدمیلاد النبیؐ کے موقع پر تلواروں کے ساتھ جن 19 نوجوانوں کو گرفتار کیا گیا ہے ان میں 14کم عمر بچے ہیں جبکہ 5 نوجوانوں کی عمر 18 سال سے زائد ہے۔ کرناٹک پولیس کے مطابق تلواروں اور مہلک ہتھیاروں کے ساتھ رقص کرنے والے نوجوان اکبر الدین اویسی رکن اسمبلی چندرائن گٹہ کی تقریر کے ری میکس پر رقص کر رہے تھے ۔ سوشل میڈیا پر اس رقص اور میوزک کو مخالف ہندو میوزک اور اکبر الدین اویسی کی مخالف ہندو تقریر کے طور پر پیش کیا جا رہاہے جبکہ رکن اسمبلی چندرائن گٹہ کو اس تقریر سے متعلق مقدمہ میں باعزت بری کیا جاچکا ہے۔ سدا پور پولیس بنگلورو شہر نے جو ایف آئی آر درج کیا ہے اس میں رکن اسمبلی چندرائن گٹہ اکبر الدین اویسی کی تقریر کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جس میں اکبر الدین اویسی نے پولیس کو ہٹانے اور راست مقابلہ کے جملے کہے تھے۔ عید میلاد النبی ؐ کے موقع پر نوجوانوں نے ڈی جے پر لگائی گئی میوزک پر کئے گئے اس رقص کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد پولیس نے یہ کاروائی کی ہے اور اکبر الدین اویسی کی تقریر کی نشاندہی کے ذریعہ یہ تاثر دینے کی کوشش کی جارہی ہے کہ اس تقریر کے ذریعہ نوجوان متاثر ہوئے ہیں۔