بنگلورو :کرناٹک کے اڈوپی ضلع کے گورنمنٹ پی یو کالج میں حالیہ عرصہ میں حجاب تنازعہ نے کافی زور پکڑا تھا۔ ایک بار پھر یہ کالج سرخیوں میں ہے۔ دراصل کرناٹک میں سابقہ بی جے پی حکومت کے وقت پیدا حجاب تنازعہ میں شامل پی یو کالج کے پرنسپل کا ’ٹیچرس ڈے ایوارڈ‘ ملتوی کر دیا گیا ہے یعنی ان کا ایوارڈ روک دیا گیا ہے۔ پرنسپل کا نام بی جی رام کرشن ہے جن کی ویڈیو 2022 میں حجاب تنازعہ کے دوران سوشل میڈیا پر خوب وائرل ہوئی تھی۔ اس ویڈیو میں وہ باحجاب طالبات کو کالج گیٹ سے اندر داخل نہیں ہونے دے رہے تھے۔ وہ ویڈیو ایک بار پھر سوشل میڈیا پر شیئر کی جا رہی ہے۔کرناٹک حکومت کے وزیر تعلیم نے اس ایوارڈ کو روکے جانے سے متعلق وضاحت پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایوارڈ دیا جائے گا یا نہیں اس کا فیصلہ جانچ کے بعد ہوگا۔ بنگلورو میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاستی وزیر برائے پرائمری و مڈل ایجوکیشن مدھو بنگرپا نے کہا کہ کل اس معاملے کے بارے میں پتہ چلا تو ایوارڈ کو روکنے کا فیصلہ کیا۔