بنگلورو: کرناٹک میں حکمراں بی جے پی حکومت پر وزیر اعلیٰ کے دفتر کے ایک اہلکار کے ذریعہ دیوالی پر کچھ صحافیوں کو مٹھائی کے ڈبوں میں ایک لاکھ سے لے کر ڈھائی لاکھ تک کی نقدی دینے کا الزام ہے۔ کانگریس نے ہفتہ کو اس معاملے کی عدالتی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے اسے ‘سویٹ باکس’ کا نام دیا۔ تاہم بی جے پی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے نیو منٹ کی رپورٹ کے مطابق، سویٹ باکس حاصل کرنے والے تقریباً ایک درجن صحافیوں میں سے تین نے نقد رقم وصول کرنے کا اعتراف کیا ہے۔ ان میں سے دو نے کہا کہ انہوں نے اسے وزیر اعلیٰ کے دفتر کو واپس کر دیا ہے۔ ایک اینٹی کرپشن ایکٹوسٹ گروپ نے کرناٹک لوک آیکت پولیس میں بسواراج بومائی کے میڈیا ایڈوائزر کے خلاف مبینہ طور پر صحافیوں کو رشوت دینے کی کوشش کرنے کی شکایت درج کرائی ہے۔