بنگلورو۔ سینئر وزیر کے ایس ایشورپا کی جانب سے چیف منسٹر ایڈورپا کے خلاف عائد کردہ الزامات کو سنگین اور ریاست میں انتظامیہ کی ناکامی کا ثبوت قرار دیتے ہوئے قائد اپوزیشن سدارامیا نے آج گورنر سے کہا کہ وہ مداخلت کریں اور ریاست میں صدر راج کی سفارش کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر کو برطرف کیا جانا چاہئے ۔ ایشورپا ریاست میں دیہی ترقیات کے وزیر ہیں ۔ انہوں نے کل شکایت کی تھی کہ چیف منسٹر ان کے محکمہ کے کام کاج میں بھی راست مداخلت کر رہے ہیں۔ انہوں نے گورنر ویجو بھائی والا سے ملاقات بھی کی اور ایک پانچ صحافت پر مشتمل مکتوب حوالے کرتے ہوئے چیف منسٹر کے آمرانہ طرز عمل کی شکایت بھی کی ہے ۔ سدارامیا نے کہا کہ ایشورپا نے ایک طرح سے کرپشن کا ثبوت بھی پیش کیا اور بی جے پی حکومت میں ہونے والی بے قاعدگیوں کو بھی آشکار کردیا ہے ۔ چیف منسٹر کو برطرف کرتے ہوئے ریاست میں صدر راج نافذ کیا جانا چاہئے ۔ ایشورپا کے الزامات سے واضح ہوگیا ہے کہ ریاستی انتظامیہ پوری طرح سے ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ۔ چیف منسٹر اقربا پروری میں ملوث ہیں اور وزراء کو تک کھل کر کام کرنے کی اجازت نہیں ہے ۔