کرناٹک میں فون ٹیاپنگ الزامات کی تردید : شیوکمار

   

بنگلورو 16 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) کرناٹک میں سابقہ ایچ ڈی کمارا سوامی حکومت میں مبینہ فون ٹیاپنگ اسکینڈ ل کی تحقیقات کے مطالبات کے دوران سینئر کانگریس لیڈر ڈی کے شیوکمار نے آج ان الزامات کی تردید کی ہے اور کہا کہ وہ اس مسئلہ میں سابق چیف منسٹر ایچ ڈی کمارا سوامی کے ساتھ ہیں۔ شیو کمار ‘ کمارا سوامی حکومت میں وزیر رہ چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ چیف منسٹر بی ایس یدیورپا اپنے طور پر اس کی جانچ کروانے آزاد ہیں۔ کئی کانگریس قائدین بشمول سی ایل پی لیڈر سدارامیا ‘ ایم ملکارجن کھرگے اور سابقہ وزیر داخلہ ایم بی پاٹل نے اس اسکینڈل کی تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔ شیوکمار کا کہنا ہے کہ کوئی دوسرا سینئر کانگریس لیڈر ایسا نہیں ہے جس نے ایسا کوئی الزام عائد کیا ہو۔ نااہل قرار دئے گئے جے ڈی ایس کے رکن اسمبلی اے ایچ وشواناتھ نے یہ الزام عائد کیا تھا کہ کئی سیاسی قائدین بشمول عہدیداروں اور صحافیوں کے فون کالس ٹیپ کئے گئے تھے ۔ ان کا یہ ادعا تھا کہ یہ سب کچھ چیف منسٹر کے علم میں تھا ۔ کئی بی جے پی قائدین بشمول سابق چیف منسٹر جگدیش شیٹر نے بھی کمارا سوامی پر فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کیا اور تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے ۔