کرناٹک میں لاکھوں مسلمانوں کے نام فہرست رائے دہندگان سے غائب

   


اہم شہری دستاویزات سے متعلق شعوری بیداری کیلئے سرگرم ہوجانے ائمہ، علماء، مسلم تنظیموں سے مولانا سید تنویر ہاشمی کی اپیل

گلبرگہ : 22 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) وطنِ عزیز ہندوستان کے ناگفتہ بہ حالات ہم سب کے پیشِ نظرہیںاور ہمارا صوبہ کرناٹک مسلسل فرقہ پرستوں کی منافرت کا شکار ہے۔ کبھی گائوکشی کا معاملہ کبھی حجاب کا فتنہ کبھی ہماری مساجد اور درگاہوں کو نشانہ بنا کر مسلسل نفرتوںکا ماحول بنایا جارہاہے۔ اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق صوبہ کرناٹک میں مسلم اقلیتوں کے لاکھوں نام ووٹرس لسٹ سے غائب کردیئے گئے ہیں۔ یہ معمولی خبر نہیں ہے بلکہ ہمارے پرامن صوبہ کرناٹکا کے مسلمانوں کے لیے خطرے کی گھنٹی ہے۔ ان خیالات کا اظہار جماعتِ اہلِ سنت کرناٹکا کے صدر مولانا سید محمدتنویر ہاشمی نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے حالات حاضرہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ووٹر لسٹ سے لاکھوں مسلمانوں کے نام یونہی خارج نہیں کیے گئے ہیںبلکہ یہ ایک منصوبہ بند سازش ہے تاکہ آئندہ سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں پھرسے فرقہ پرست برسرِ اقتدار آسکے۔ مولانا سید تنویر ہاشمی نے صوبہ کرناٹکا کے علماء کرام ائمہ مساجد ذمہ دارانِ انجمن وذمہ دارانِ مساجد ومدارس اور تعلیمی ادارہ جات سے مخلصانہ اپیل کرتے ہوئے فرمایا کہ پہلی فرصت میں مسلسل مساجد میں اعلانات کیے جائیں۔ ووٹ کی اہمیت وافادیت پر جمعہ کے خطابات میں روشنی ڈالی جائے اور بڑے پیمانے پر مسلم تنظیموں کے ذمہ داران اورمحلے ومساجد کے متولیان اورنوجوانان اس اہم کام کو ملت کی عظیم خدمت سمجھ کر ابھی سے متوجہ ہوکر سرگرم عمل ہو جائیں۔ اپنے اپنے اسمبلی حلقوں کے اندر آنے والے ووٹنگ بوتھ کی فہرست حاصل کرکے ناموں کو جانچ لیں۔ معلوم کریں کہ کہیں آپ کا یاآپ کے اہل خانہ کا نام فہرست سے خارج تو نہیں ہوگیا ہے؟ اگر ووٹر لسٹ سے نام خارج ہوگیا ہے تو فوری طورپر بی ایل اوڈپٹی کمشنر تحصیلدار سے رجوع کرکے ووٹر فہرست سے خارج شدہ ناموں کا اندراج کرائیں اور اپنے موبائل پر ووٹر ہیلپ لائن ایپ ڈائون لوڈ کر کے اپنے ووٹر آئی ڈی کے مطابق جائزہ لے کر ضروری کارروائی کریں۔ نیز اہل خانہ میں جن کی عمر 17 ؍ سال ہوچکی ہے ان کے نام ووٹر لسٹ میں اندراج کرائیں۔مولانا تنویر ہاشمی نے مزید فرمایا کہ ووٹ ہمارا دستوری حق ہے، ووٹر آئی ڈی ہماری شہریت کے ضروری دستاویزات میں سے ایک اہم دستاویز ہے۔ یاد رکھیں کہ فرقہ پرست قوتوں کو ہم صرف اور صرف ووٹ کی طاقت کی بنیاد پر شکست فاش دے سکتے ہیں۔ اور یہ بھی یاد رکھیں کہ ملک سے سی اے اے، این آر سی، این پی آر جیسے سیاہ قوانین ختم نہیںہوئے ہیں۔ ابھی بھی مذکورہ قوانین برقرار ہیں۔ ملتِ اسلامیہ کے ہرفرد کی یہ ملی وملکی ذمہ داری ہے کہ وہ اس اہم کام کو بڑی ذمہ داری کے ساتھ انجام دے۔معتبر ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ کرناٹکا میں حکومت کی جانب سے ووٹر لسٹ میں ناموں کے اندراج اور تصحیح کا کام شروع کیاگیا ہے اور آخری تاریخ 9؍دسمبر بتائی گئی ہے۔