کرناٹک میں مدارس کی سرگرمیوں پر رپورٹ طلب

   

بنگلورو۔ کرناٹک حکومت نے جمعہ کو محکمہ تعلیم کو ہدایت دی کہ وہ ریاست میں مدارس کی سرگرمیوں کے بارے میں ایک رپورٹ پیش کرے، جس سے تنازعہ کھڑا ہوگیا۔ ذرائع کے مطابق محکمہ تعلیم نے ہندو تنظیموں کے ذریعہ ریاست میں مدارس پر پابندی لگانے کے مطالبات کے درمیان یہ مشق شروع کی ہے۔ الزام لگایا گیا ہے کہ مدارس میں مشکوک سرگرمیاں جاری ہیں۔ حکومت نے محکمہ سے ریاست میں 960 مدارس کے بارے میں رپورٹ پیش کرنے کو کہا ہے۔ محکمہ تعلیم کے کمشنر کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دی گئی ہے جو مدارس کی سرگرمیوں کے بارے میں جامع رپورٹ پیش کرے گی۔ بی جے پی کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ رپورٹ پیش کرنے کے بعد فیصلہ کیا جائے گا کہ مدارس پر پابندی عائد کی جائے یا انہیں محکمہ تعلیم کے دائرہ اختیار میں لایا جائے۔ بی جے پی کے اندرونی ذرائع نے بتایا کہ کرناٹک میں حکمراں بی جے پی مدارس کے سلسلے میں اتر پردیش حکومت کی طرز پر مدارس پرکارروائی کرنے پر غور کر رہی ہے۔