ترقیاتی سرگرمیوں میں تیزی لانے کا منصوبہ : مرلیدھر راو
حیدرآباد 30 جولائی ( پی ٹی آئی ) بی جے پی کرناٹک میں ایک مستحکم حکومت فراہم کرے گی اور کانگریس ۔ جے ڈی ایس اقتدار کے دوران متاثر ہوجانے والی ترقی کو دوبارہ آگے بڑھائے گی ۔پارٹی جنرل سکریٹری پی مرلیدھر راو نے یہ بات بترائی ۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے چھ کروڑ عوام کو مخلوط حکومت کے دور میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے ۔ تاہم انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے عوام سے یہ وعدہ ہے کہ بی جے پی ایک مستحکم حکومت فراہم کرے گی اور ترقی کے سفر کو دوبارہ شروع کریگی ۔ ریاست کے عوام کو اس بات کا یقین ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مرکز میں اقتدار رکھنے والی بی جے پی نے جمہوری طریقہ کار اختیار کیا ہے اور کرناٹک میں پیش آنے والے حالات کے دوران اس نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک میں گورنر کی ہدایات کو بھی نظر انداز کردیا گیا تھا جس کے بعد بھی بی جے پی نے تحمل سے کام لیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایسا کرنے پر بی جے پی کی عزت میں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے یہ دعوی بھی کیا کہ کانگریس اور جے ڈی ایس میں ایسے کئی قائدین ہیں جو بی جے پی میں شامل ہونا چاہتے ہیں۔ یہ قائدین ان جماعتوں کی سیاست سے بیزار ہوچکے ہیں۔ مرلیدھر راو نے کہا کہ نریندر مودی کی قیادت میں کرناٹک میں ایک مستحکم حکومت فراہم کی جائے گی جس کی عوام کو خواہش ہے ۔ پارٹی کی حکومت وہاں ترقیاتی ایجنڈہ پر عمل کرے گی ۔ اس بات کو یقینی بنائے گی کہ عوام کی مشکلات کو دور کیا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کو ریاست میں کسی بھی پارٹی یا قائدین کی تائید و حمایت کی ضرورت نہیں ہے ۔انہوں نے کہا کہ چاہے سدا رامیا ہوں یا پھر کمارا سوامی ہوں ان کی تائید کی بی جے پی کو ضرورت نہیں ہے ۔ بی جے پی کے پاس درکار عددی طاقت موجود ہے۔
