کیرالا میں سنیل کی خدمات کا حصول، جاریہ سال تلنگانہ میں ان کا امتحان
حیدرآباد ۔4۔ اگست (سیاست نیوز) کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی میں اہم رول ادا کرنے والے انتخابی حکمت عملی ساز سنیل کنگولو کی مانگ میں اضافہ ہوچکا ہے ۔ کرناٹک میں انتخابی حکمت عملی کے موثر ثابت ہونے کے بعد کئی ریاستوں میں کانگریس قائدین نے ہائی کمان سے خواہش کی ہے کہ سنیل کنگولو کی خدمات ان کی ریاست کیلئے الاٹ کی جائیں۔ نئی دہلی میں کیرالا پردیش کانگریس قائدین کا ہائی کمان کے ساتھ اجلاس ہوا جس میں کیرالا کی انتخابی حکمت عملی کا جائزہ لیا گیا ۔ راہول گاندھی لوک سبھا میں کیرالا کی نمائندگی کرتے ہیں ، لہذا لوک سبھا انتخابات میں کانگریس کے بہتر مظاہرہ کو یقینی بنانے سنیل کنگولو کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز پیش کی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ راہول گاندھی نے کیرالا قائدین کی تجویز سے اتفاق کیا۔ تلنگانہ میں جاریہ سال کے اختتام پر اسمبلی انتخابات کا مرحلہ مکمل ہونے کے بعد سنیل کنگولو کیرالا
امور پر توجہ دیں گے۔ کرناٹک کے بعد سنیل اور ان کی ٹیم تلنگانہ پر توجہ مرکوز کرچکی ہیں۔ انہوں نے پارٹی ہائی کمان کو تلنگانہ کے بارے میں حوصلہ افزاء رپورٹ پیش کی جس کے بعد راہول اور پرینکا گاندھی نے تلنگانہ کے امور پر توجہ میں اضافہ کردیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ سنیل نے اپنی علحدہ ٹیم تشکیل دے کر کیرالا میں سروے شروع کردیا ہے۔ کانگریس کیرالا میں زیادہ لوک سبھا نشستیں جیتنا چاہتی ہے۔ واضح رہے کہ سنیل کنگولو پرشانت کشور کے ساتھی رہے ہیں۔ پرشانت کشور نے بی آر ایس کیلئے کام کیا تھا جس کے بعد سنیل کنگولو نے علحدہ راستہ اختیار کرکے اپنی ٹیم تشکیل دی اور کانگریس کیلئے کام شروع کیا۔ کرناٹک میں سنیل کی کامیابی کے بعد ان کا دوسرا امتحان تلنگانہ رہیگا۔
