بنگلورو، 29 جون (یواین آئی) کرناٹک بی جے پی کے صدر وجیندر یدی یورپا نے کانگریس کی زیر قیادت ریاستی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے اس پر اہم ریلوے پروجیکٹس کو روک کر عوام کو دھوکہ دینے اور ریاست کی ترقی کو روکنے کا الزام لگایایدی یورپا نے کہا کہ کانگریس حکومت نے حکمرانی کا سارا اخلاقی جواز کھو دیا ہے ۔ ان کی واحد توجہ ہر قیمت پر اقتدار میں رہنے پر مرکوز ہے ۔ انہوں نے موجودہ انتظامیہ کو خود غرض اور عوامی بہبود کے تئیں لاپرواہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ ریاست میں نئی ریلوے منصوبوں کو نافذ کرنے کے لیے وزیر اعظم نریندر مودی کی قیادت والی مرکزی حکومت کی جانب سے بھرپور منظوری اور جوش و خروش کے باوجود، ریاستی حکومت ضروری لاگت کے اشتراک میں تعاون دینے میں ناکام رہی ہے ۔بی جے پی لیڈر نے فنڈنگ فارمولے کا حوالہ دیتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست نے اپنا مناسب حصہ نہیں دیا، جس کی وجہ سے کئی ریلوے بنیادی ڈھانچے کی اسکیموں میں غیر معینہ مدت تک تاخیر ہوئی۔ انہوں نے کانگریس حکومت کو ‘کرناٹک کے لیے لعنت’ قرار دیتے ہوئے کہا کہ بنیادی ڈھانچے کو ترجیح دینے میں ریاست کی ناکامی نے اسے بیرونی سرمایہ کاری کے لیے غیر پرکشش بنا دیا ہے ۔ ٹرانسپورٹ اور رابطہ اقتصادی ترقی کے لیے بنیادی ضرورت ہیں۔ ان کی نظراندازی سے ریاست مزید پیچھے رہ جائے گی۔