دلت بندھو میں 30 فیصد کمیشن، سکریٹری کانگریس سمپت کمار کا الزام
حیدرآباد۔/16 مئی، ( سیاست نیوز) سکریٹری آل انڈیا کانگریس کمیٹی سمپت کمار نے کہا کہ کرناٹک میں 40 فیصد کمیشن کی حکومت کو شکست کے بعد تلنگانہ میں 30 فیصد کمیشن کی حکومت کو شکست دینے کا وقت آچکا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمپت کمار نے کہا کرناٹک کی بی جے پی حکومت نے ترقیاتی کاموں کی منظوری کیلئے 40 فیصد کمیشن حاصل کیا تھا۔ عوام میں کمیشن کے حصول کیلئے بدنام بی جے پی کو حالیہ انتخابات میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 30 فیصد کمیشن کی حکومت قائم ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر نے خود اعتراف کیا ہے کہ ارکان اسمبلی دلت بندھو اسکیم کے 10 لاکھ روپئے کی منظوری کیلئے 3 لاکھ روپئے یعنی 30 فیصد کمیشن حاصل کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں 30 فیصد کمیشن کے حصول کا معاملہ ثابت ہوچکا ہے۔ آئندہ اسمبلی انتخابات میں تلنگانہ عوام 30 فیصد کمیشن کی حکومت کو بیدخل کردیں گے۔ سمپت کمار نے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر نے 3 لاکھ روپئے کمیشن حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست موجود ہونے کا دعویٰ کیا لیکن ارکان اسمبلی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ کمیشن حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے اپنی دیانتداری ثابت کریں۔ انہوں نے کمیشن حاصل کرنے والے ارکان اسمبلی کی فہرست جاری کرنے کا مطالبہ کیا ۔ر