کرناٹک کے نتائج کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں ہوگا : پربھاکر

   

حیدرآباد ۔ 18 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : بی جے پی تلنگانہ اسٹیٹ یونٹ کے نائب صدر اور سابق رکن اسمبلی این وی ایس ایس پربھاکر نے چہارشنبہ کو کہا کہ کرناٹک اسمبلی انتخابات کے نتائج کا تلنگانہ میں کوئی اثر نہیں ہوگا جیسا کہ کانگریس کے قائدین دعویٰ کررہے ہیں ۔ میڈیا سے مخاطب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام بی آر ایس کے متبادل کے طور پر بی جے پی کو دیکھتے ہیں نہ کہ کانگریس کو ۔ پربھاکر نے کہا کہ اگر ہم مابعد نتائج کا تجزیہ کریں تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ کرناٹک کے عوام نے ایک متبادل حکومت کے لیے ووٹ دیا ہے ۔ اگر تلنگانہ میں ایسا ہی ہوا تو بی جے پی حکمران جماعت کا ایک موثر متبادل ہے ۔ پربھاکر نے کہا کہ عوام ، بی آر ایس حکومت کی کارکردگی سے بیزار ہوگئے ہیں جس نے عوام مخالف جی اوز جاری کئے ہیں ۔ بی آر ایس اور کانگریس اقتدار حاصل کرنے کا دن کا خواب دیکھ رہے ہیں ۔ بی آر ایس عوام کو دھوکہ دینے کے بعد پھر اقتدار حاصل کرنے کا خواب دیکھ رہی ہے اور کانگریس کرناٹک کے نتائج کے بعد حد سے زیادہ اعتماد اور خوش فہمی میں ہے ۔ انہوں نے 21 روزہ یوم تاسیس تقاریب منانے ریاستی حکومت کے فیصلہ کی ہنسی اڑاتے ہوئے کہا کہ اسے عوام کو دھوکہ دینے کا بعد اس کا اخلاقی حق نہیں ہے ۔۔