کرناٹک کے نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں پڑے گا :کے سی آر

   

بی آر ایس 105حلقوں میں کامیابی کے ساتھ مسلسل تیسری مرتبہ اقتدار حاصل کرے گی‘ تلنگانہ بھون میں پارٹی کا توسیعی اجلاس

حیدرآباد۔ 17 مئی (سیاست نیوز) بھارت راشٹر سمیتی کے قومی سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ تلنگانہ کے عوام کانگریس پر ہرگز بھروسہ نہیں کریں گے۔ بی آر ایس پارٹی انتخابات میں 95 تا 105 نشستوں پر کامیابی حاصل کرتے ہوئے مسلسل تیسری مرتبہ حکومت تشکیل دے گی اور جنوبی ہند میں نئی تاریخ رقم کرے گی۔ انہوں نے تمام موجود ارکان اسمبلی کو دوبارہ ٹکٹ دینے کا اعلان کرتے ہوئے چند ارکان اسمبلی بالخصوص حیدرآباد اور ضلع نلگنڈہ کی نمائندگی کرنے والے ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر ناراضگی کا اظہار کیا اور رویہ میں فوری تبدیلی لانے کی ہدایت دی۔ تلنگانہ بھون میں آج بی آر ایس پارٹی کا توسیعی اجلاس منعقد ہوا جس میں وزرا، ارکان اسمبلی، ارکان پارلیمنٹ، ارکان قانون ساز کونسل، ارکان راجیہ سبھا کے علاوہ سینئر قائدین نے شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ ریاست کو ترقی دینے کے لئے ایک دہے میں ایک صدی کے ترقیاتی، تعمیری، فلاحی کام کئے گئے ہیں۔ عوام نے کانگریس کو 70 سال تک حکمرانی کرنے کا موقع فراہم کیا مگر کانگریس پارٹی ریاست اور ملک کو ترقی دینے میں پوری طرح ناکام ہوگئی ہے۔ انہوں نے کرناٹک میں کانگریس کی کامیابی پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کرناٹک کے نتائج کا تلنگانہ پر کوئی اثر نہیں ہوگا۔ انہوں نے پارٹی قائدین اور کیڈر کو کرناٹک کے نتائج پر توجہ دیئے بغیر عوام کے درمیان پہنچ کر تلنگانہ حکومت کی کارکردگی، ترقی اور فلاحی اسکیمات کے بارے میں وسیع پیمانے پر شعور بیدار کرنے پر زور دیا اور کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے 10 سال کی تکمیل پر حکومت کی جانب سے 21 دنوں کا جشن منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ اس دوران پارٹی کے منتخبہ نمائندے عوام کے درمیان پہنچ کر کام کریں۔ حکومت کے کارناموں سے واقف کراتے ہوئے کے سی آر نے کہا کہ تمام سروے بی آر ایس کے حق میں ہیں۔ بی آر ایس پارٹی انتخابات میں تقریباً 105 حلقوں پر آسانی سے کامیابی حاصل کرے گی۔ چیف منسٹر نے کہا کہ حیدرآباد کے بشمول چند اضلاع میں بی آر ایس کے جو اجلاس منعقد ہوئے ہیں ان کے نتائج توقع کے برعکس آئے ہیں۔ بی آر ایس کے قائدین اپنے نظریاتی اختلافات کو فراموش کردیں۔ گروپ بندیوں سے بالاتر ہوکر پارٹی کے مفادات کے لئے کام کریں۔ ساتھ ہی ایک دوسرے پر تنقیدوں کا سلسلہ فوری بند کردیں۔ بصورت دیگر پارٹی ڈسپلین کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کرنے کا انتباہ دیا۔ چیف منسٹر نے وزرا کو مشورہ دیا کہ وہ ارکان اسمبلی اور ارکان قانون ساز کونسل کے درمیان تال میل برقرار رکھتے ہوئے گراؤنڈ ورک کریں۔ 2 جون سے منعقد ہونے والے جشن کے پروگرامس میں حصہ لینے کا پارٹی کے تمام قائدین کو مشورہ دیا۔ چیف منسٹر کے سی آر نے کہا کہ وہ ارکان اسمبلی کی کارکردگی پر پوری طرح نظر رکھے ہوئے ہیں۔ چند ارکان اسمبلی کو پہلے بھی انتباہ دے چکے ہیں۔ اگر وہ اپنا رویہ تبدیل نہیں کرتے ہیں تو انہیں جو بھی نقصان ہوگا وہ خود اس کے ذمہ دار ہوں گے۔ تلنگانہ میں حکومت کے خلاف عوام کی کوئی ناراضگی نہیں ہے حکومت کی کارکردگی سے سماج کے تمام طبقات مطمئن ہیں۔ ن