کرناٹک کے والمیکی اسکام میں تلنگانہ کانگریس قائدین ملوث: کے ٹی آر

   

حیدرآباد۔/25 اگسٹ، ( سیاست نیوز) بی آر ایس کے ورکنگ پریسیڈنٹ کے ٹی راما راؤ نے الزام عائد کیا کہ کرناٹک کے والمیکی اسکام میں تلنگانہ کے کانگریس قائدین ملوث ہیں۔ انہوں نے سوشیل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر لکھا کہ حیدرآباد میں 9 افراد کے بینک اکاؤنٹ میں والمیکی شیڈول ٹرائبس ڈیولپمنٹ کارپوریشن کی 45 کروڑ کی رقم منتقل کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ جن قائدین کے بینک اکاؤنٹس میں یہ رقم منتقل کی گئی ہے اس کی تفصیلات منظر عام پر لائی جائیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر یہ رقم منتقل کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوک سبھا انتخابات میں کانگریس نے یہ رقم خرچ کی۔ انہوں نے کانگریس سے قربت رکھنے والے ایک ٹی وی چینل کے بینک اکاؤنٹ پر شبہات کا اظہار کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ والمیکی اسکام سے تلنگانہ کانگریس کا تعلق ہے۔ انہوں نے حیرت کا اظہار کیا کہ واضح ثبوت کے باوجود انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ خاموشی اختیار کئے ہوئے ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف منسٹر ریونت ریڈی میڈیا کو کنٹرول کرتے ہوئے والمیکی اسکام کو چھپانے کی کوشش کررہے ہیں۔ کے ٹی آر نے اس اسکام کی جامع تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ واضح رہے کہ کرناٹک میں والمیکی شیڈول ٹرائبس ڈیولپمنٹ کارپوریشن میں 187 کروڑ کا اسکام منظرعام پر آیا ہے۔1