کرناٹک کے 423 عازمین مدینہ منورہ روانہ، فلائٹ میں 4 گھنٹوں کی تاخیر

,

   

ایرپورٹ پر عازمین کو انتظار کی زحمت، 26 جولائی سے تلنگانہ اور آندھراپردیش کے قافلوں کی روانگی
حیدرآباد۔18 جولائی (سیاست نیوز) کرناٹک کے 423 عازمین حج کی آج صبح مدینہ منورہ روانگی کے ساتھ ہی حج کیمپ 2019ء کا آغاز ہوگیا۔ ایرانڈیا کی پرواز سے کرناٹک کے عازمین کا پہلا قافلہ 4 گھنٹے تاخیر سے حیدرآباد انٹرنیشنل ایرپورٹ سے روانہ ہوا۔ ایر انڈیا کی فلائٹ نے چار گھنٹوں کی تاخیر کے سبب عازمین حج کو مین ٹرمینل پر انتظار کی صعوبتوں کو برداشت کرنا پڑا۔ تاہم ایرانڈیا کے حکام نے عازمین حج کے لیے ناشتے کا انتظام کیا تھا۔ واضح رہے کہ پہلا قافلہ ایرپورٹ کے خصوصی حج ٹرمینل کے بجائے مین ٹرمینل سے روانہ کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ایرانڈیا کی فلائیٹ کو احمد آباد کے عازمین حج کو مدینہ منورہ منتقل کرنا تھا اور فلائٹ 12 گھنٹے تاخیر سے چل رہی تھی۔ احمدآباد کے عازمین حج کو مدینہ منورہ منتقل کرنے کے بعد فلائٹ حیدرآباد واپس ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ احمد آباد کے عازمین کو ہوٹل میں ٹھہرایا گیا تھا۔ فلائٹ کی تاخیر کو دیکھتے ہوئے حج ہائوز نامپلی سے عازمین حج کے رات دیر گئے دو بجے ایرپورٹ منتقل کرنے کے بجائے بعد نماز فجر آر ٹی سی کی خصوصی بسوں کے ذریعہ ایرپورٹ پہنچایا گیا۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خان، ایگزیکٹیو آفیسر بی شفیع اللہ اور حج کمیٹی کے ارکان نے بسوں کو جھنڈی دکھاکر روانہ کیا۔ تلبیہ کی گونج میں عازمین حج کی بسیں حج ہائوز سے روانہ ہوئیں۔ عازمین حج روانگی سے قبل ذکر و اذکار میں مشغول رہے۔ مختلف تنظیموں کے والینٹرس نے احرام باندھنے اور مناسک حج کے سلسلہ میں رہنمائی کی۔ قبل ازیں وزیر داخلہ محمد محمود علی نے حج ہائوز پہنچ کر انتظامات کا جائزہ لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ حج ہائوز میں کیمپ کے انتظامات میں خامیوں کے سبب عازمین کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑا۔ عمارت کی بڑی لفٹ فیل ہوچکی ہے جس کے سبب عازمین صرف ایک ہی لفٹ پر انحصار کرنے لگے۔ فلائٹ میں چار گھنٹے کی تاخیر کی اطلاع ملنے پر عازمین حج کے رشتہ داروں کو بلڈنگ میں داخلے کی اجازت دے دی گئی اور وہ عازمین کے کمروں تک پہنچ گئے۔ روانگی سے قبل ایمگریشن، کسٹمس، اور دیگر ضروری امور کی حج ہائوز میں تکمیل کی گئی جس کے لیے متعلقہ محکمہ جات کے خصوصی کائونٹرس قائم کئے گئے تھے۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے عازمین حج کی روانگی کا 26 جولائی سے آغاز اور چار اگست تک 22 قافلوں کے ذریعہ 8 ہزار سے زائد عازمین حج ایرانڈیا کی پروازوں سے جدہ روانہ ہوں گے۔