کرناٹک کے 600 عازمین حج کی حیدرآباد سے جدہ روانگی

   

صدرنشین کرناٹک حج کمیٹی ذوالفقار احمد خاں نے وداع کیا
حیدرآباد ۔ 21۔ مئی (سیاست نیوز) کرناٹک سے تعلق رکھنے والے 600 عازمین حج حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہوئے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے کرناٹک کے عازمین کیلئے موثر انتظامات کئے گئے ۔ کرناٹک حج کمیٹی کے صدرنشین ذوالفقار احمد خاں ، رکن حج کمیٹی منصور قادری اور اسپیشل آفیسر محمد صدیقی نے آج ہاؤز نامپلی سے کرناٹک کے عازمین کے قافلہ کو روانہ کیا۔ ذوالفقار احمد خاں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے تلنگانہ حکومت اور حج کمیٹی سے اظہار تشکر کیا ۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے 600 عازمین نے فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ کا انتخاب کیا ہے ۔ تلنگانہ حج کمیٹی کی جانب سے موثر انتظامات کئے گئے جس کیلئے وہ شکر گزار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کے وزراء ضمیر احمد خاں اور رحیم خاں نے حکومت کی جانب سے موثر انتظامات کی ہدایت دی تھی۔ دونوں وزراء کی جانب سے بنگلور سے روانہ ہونے والے عازمین کیلئے بہتر سہولتیں فراہم کی گئیں۔ ذوالفقار احمد خاں نے بتایا کہ عازمین کیلئے ضمیر احمد خاں کی جانب سے 1996 سے بسوں کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس کے علاوہ ضمیر احمد خاں نے کرناٹک کے 1300 والینٹرس کو اپنے خرچ پر حج کے لئے روانہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک اور تلنگانہ حکومتوں کی جانب سے ہر سال عازمین حج کیلئے موثر انتظامات کئے جاتے ہیں۔1