بنگلورو: کرناٹک ہائی کورٹ نے پاپولر فرنٹ آف انڈیا پر ملک مخالف سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر مرکزی حکومت کی طرف سے عائد کردہ حالیہ پابندی کو برقرار رکھا ہے۔ جسٹس ایم ناگاپرسنا کی سنگل جج بینچ نے بدھ کو یہ فیصلہ سنایا۔ اس پابندی کو بنگلور کے رہنے والے اور کالعدم تنظیم کے ریاستی صدر ناصر علی نے چیلنج کیا تھا۔مرکزی حکومت نے 28 ستمبر کو پی ایف آئی تنظیم اور اس کی اتحادی تنظیموں پر پانچ سال کے لیے پابندی لگانے کا حکم جاری کیا تھا۔ مرکز نے یہ کارروائی ملک بھر میں پی ایف آئی کے دفاتر اور اس کے اراکین کی رہائش گاہوں پر چھاپوں کے بعد عائد کی تھی۔ یہ ان الزامات کے تناظر میں آیا ہے کہ کالعدم اسٹوڈنٹ اسلامک موومنٹ آف انڈیا SIMI اور جماعت المجاہدین بنگلہ دیش JMB کے علاوہ PFI کے کئی دہشت گرد تنظیموں سے قریبی روابط ہیں۔