کرن بیدی کو تلنگانہ کا گورنر مقرر کرنے ہنمنت راؤ کا امیت شاہ کو مکتوب

   

Ferty9 Clinic

ای ایس ایل نرسمہن عوامی مسائل نظر انداز کررہے ہیں، دونوں ریاستوں کیلئے ایک گورنر نامناسب

حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے تلنگانہ ریاست کیلئے نئے گورنر کے تقرر کی درخواست کی۔ امیت شاہ کو روانہ کردہ مکتوب میں ہنمنت راؤ نے وزارت داخلہ کا قلمدان سنبھالنے پر امیت شاہ کو مبارکباد پیش کی اور امید ظاہر کی کہ نئی ذمہ داری بخوبی نبھائیں گے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ آندھرا پردیش کی تقسیم سے قبل ریاست کیلئے طویل عرصہ سے ایک ہی گورنر فائز رہے تاہم موجودہ گورنر دونوں ریاستوں کو انصاف فراہم کرنے سے قاصردکھائی دیتے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ مختلف عوامی مسائل جیسے انٹرمیڈیٹ نتائج میں دھاندلیوں کے سبب 26 طلبہ کی خودکشی، نلگنڈہ کے حاجی پور میں 3 لڑکیوں کی عصمت ریزی اور قتل اور سرسلہ میں درج فہرست اقوام پر پولیس کی جانب سے مظالم اور کھمم میں مرچ کے کسانوں کے مسائل پر گورنر سے نمائندگی کی گئی۔ حیدرآباد کے پنجہ گٹہ علاقہ میں ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کو نکال کر اس کی توہین کے خلاف بھی نمائندگی کی گئی لیکن افسوس کہ گورنر نے ان تمام اہم مسائل پر کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر ہوگا کہ دونوں ریاستوں کیلئے علحدہ گورنرس کا تقرر کیا جائے تاکہ وہ اپنے متعلقہ ریاست کے مسائل پر توجہ دیتے ہوئے عوام سے انصاف کرسکیں۔ ہنمنت راؤ نے تلنگانہ کیلئے کرن بیدی جیسی شخصیت کو گورنر مقرر کرنے کی تجویز پیش کی جو سیاسی وابستگی سے بالاتر ہوکر تمام کی سماعت اور مسائل پر کارروائی کی اہلیت رکھتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک موجودہ گورنر برقرار رہیں گے وہ اپوزیشن کی نمائندگیوں کی پرواہ نہیں کریں گے۔ وہ ہمیشہ چیف منسٹرس کے حق میں رہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے عوامی مفاد میں تلنگانہ کیلئے نئے گورنر کے تقرر کی درخواست کی۔ انہوں نے کہا کہ این ڈی اے دور حکومت میں سابقہ حکومت کی جانب سے تقرر کئے گئے تمام گورنرس کو واپس طلب کرلیا گیا تھا لیکن تلنگانہ اور آندھرا پردیش کے موجودہ گورنر کیساتھ رعایت باعث حیرت ہے۔ واضح رہے کہ کانگریس پارٹی مسلسل شکایت کررہی ہے کہ عوامی مسائل پر کی گئی نمائندگیوں پر گورنر خاموش ہیں۔ کانگریس کے ارکان اسمبلی کے انحراف کے مسئلہ پر بھی گورنر نے کانگریس کی نمائندگی کو نظراندازکردیا تھا۔