کوئی لفظ اس درد کوکم نہیں کر سکتا، لیکن میں آپ کے دکھ میں شریک ہوں:وجے
چنئی، 29 ستمبر (آئی اے این ایس) تمل ناڈو حکومت نے پیر کے روز کرور میں سیاسی جماعت ٹی وی کے صدر اور اداکار وجے کی ریلی کے دوران پیش آنے والی افسوسناک بھگدڑ کی تحقیقات کے لیے نئے عہدیدار کے تقررکا اعلان کیا۔ ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ آف پولیس (اے ایس پی) پریمانندن کو اس معاملہ کا نیا تحقیقاتی افسر مقررکیا گیا ہے۔یہ فیصلہ اس وقت سامنے آیا جب ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر41 ہوگئی۔ دو مزید زخمی دم توڑگئے جبکہ 67 سے زائد افراد مختلف اسپتالوں میں زیر علاج ہیں۔ یہ المناک واقعہ ہفتہ کی شام کرورکے ویلوچامی پورم علاقے میں پیش آیا، جہاں ہزاروں افراد اداکار وجے کو دیکھنے کے لیے جمع تھے۔ وجے شام 7 بجے ناماکل میں انتخابی مہم ختم کرنے کے بعد یہاں پہنچے تو ہجوم بے قابو ہوگیا۔ عینی شاہدین کے مطابق وجے کے نمودار ہوتے ہی عوام آگے کی جانب لپکے جس سے خوف و ہراس پھیل گیا اور بھگدڑ مچ گئی۔ کئی افراد کچلے گئے جبکہ متعدد بے ہوش ہوگئے۔ ایمبولینسز رات بھر زخمیوں کو اسپتال پہنچاتی رہیں۔ تازہ ترین ہلاکتوں میں کاوِن، جو انتہائی نگہداشت یونٹ میں زیر علاج تھے، اور ویلوچامی پورم کی مقامی رہائشی سْکنا شامل ہیں۔ افسران کے مطابق پہلے تحقیقاتی ٹیم کی قیادت کرنے والے ڈی ایس پی سیلواراج کی جگہ اے ایس پی پریمانندن کو مقررکرنے کا مقصد تحقیقات میں آزادی اور تیزی لانا ہے۔ حکومت نے واقعہ پر عدالتی تحقیقات کا بھی اعلان کیا ہے تاکہ ہجوم پر قابو پانے اور تقریب کے انتظامات میں ہوئی کوتاہیوں کی نشاندہی کی جاسکے۔ چیف منسٹرکے اسٹالن نے گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا یہ تمل ناڈو کے لیے ناقابلِ برداشت سانحہ ہے۔ ہم نے عدالتی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور نئے سینئر افسر کے تقررکی ہے تاکہ شفافیت اور جوابدہی یقینی بنائی جاسکے اور مستقبل میں ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔انہوں نے مزید بتایا کہ حکومت نے جاں بحق افراد کے اہل خانہ کے لیے معاوضے کا اعلان کیا ہے اور زخمیوں کی حالت پر مسلسل نظر رکھی جا رہی ہے۔ دوسری جانب اپوزیشن لیڈر ایڈاپاڈی کے پلانیسوامی (ای پی ایس) نے حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اتنے بڑے اجتماع کے باوجود ہجوم پر قابو پانے کے لیے مؤثر اقدامات نہیں کیے گئے، جو ان ہلاکتوں کی بڑی وجہ ہے۔ ٹی وی کے صدر وجے نے اسے ’’ناقابلِ تلافی نقصان‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ غمزدہ خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔ انہوں نے جاں بحق افراد کے لواحقین کے لیے 20 لاکھ روپے اور زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے معاوضے کا اعلان کیا۔ وجے نے کہا کوئی لفظ اس درد کوکم نہیں کر سکتا، لیکن میں آپ کے دکھ میں شریک ہوں۔