کرکٹ ورلڈ کپ میں دنیا کو تبدیل کردینے کی کشش : پومپیو

   

واشنگٹن ۔ 13 جون (سیاست ڈاٹ کام) امریکی وزیرخارجہ مائیک پومپیو نے آج ایسا بیان دیا جو کسی کھیل کے بارے میں خصوصی طور پر کرکٹ کے بارے میں کسی امریکی قائد کا اپنی نوعیت کا انفرادی بیان سمجھا جاسکتا ہے کیونکہ امریکہ میں کرکٹ نہیں کھیلی جاتی۔ انہوں نے لندن میں جاری آئی سی سی کرکٹ ورلڈ کپ کے بارے میں کہا کہ اس ٹورنمنٹ نے دنیا کے اربوں لوگوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کر رکھی ہے جس کے ذریعہ دنیا میں تبدیلی بھی لائی جاسکتی ہے۔ یو ایس آئی بی سی کی آئیڈیاس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے یہ بات کہی جس میں امریکی شہریوں بشمول گوگل کے ہندوستانی نژاد امریکی سی ای او سندرپچائی اور ہندوستان و امریکہ سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ سطحی کارپوریٹ ایگزیکیٹیوز نے شرکت کی۔ انہوں نے اپنی بات جاری رکھتے ہوئے کہا کہ کرکٹ ورلڈ کپ ایک ایسا ایونٹ ہے جس کے بارے میں ہر وہ شخص جو اس کھیل میں دلچسپی رکھتا ہے، ہر میاچ کے بارے میں باہمی تبادلہ خیال کرتا ہے کیونکہ کھیل کی دنیا کے چند اہم ترین ایونٹس میں کرکٹ ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔ یہی وجہ ہیکہ اس ایونٹ میں دنیا کو تبدیل کرنے کی کشش موجود ہے۔ ان کا یہ ریمارک سن کر وہاں موجود سامعین مسکرا دیئے۔ یاد رہیکہ پومپیو 24 تا 30 جون ہندوستان، سری لنکا، جاپان اور جنوبی کوریا کا دورہ کریں گے۔