سداسیو پیٹ میں ٹیم یو ایف سی کی یوم تاسیس کے موقع پر شاندار تقریب کا انعقاد
سداسیوپیٹ 3 نومبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سداسیوپیٹ میں نوجوانوں میں کھیلوں کا جذبہ پروان چڑھانے اور مقامی کرکٹ کھلاڑیوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے مقصد سے اکتوبر 2021ء میں قائم کی گئی معروف ٹیم یو ایف سی (TEAM UFC) کرکٹ کلب کی پانچویں سالگرہ کی تقریب نہایت جوش و خروش اور شاندار انداز میں منعقد ہوئی۔ کلب کی پانچ سالہ کامیاب سرگرمیوں کی تکمیل کے موقع پر کلب کے ذمہ داران کی جانب سے ایک خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا، جس میں کلب کے ارکان، کھلاڑیوں، مقامی نوجوانوں اور کرکٹ شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔تقریب کے دوران سال 2025-26ء کے کرکٹ سیزن میں بہترین کھیل کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کے لیے سالانہ اسپورٹس ایوارڈز پیش کیے گئے۔ مختلف زمروں میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ٹرافیوں اور مومنٹوز سے نوازا گیا۔ کلب کے تمام ارکان کی موجودگی میں اندرونی ووٹنگ کے ذریعے بہترین کھلاڑی کا انتخاب کیا گیا، جس میں سب سے زیادہ ووٹ حاصل کرتے ہوئے اسٹار آل راؤنڈر رِیاض پٹیل نے ’’پلیئر آف دی ایئر‘‘ کا اعزاز اپنے نام کرلیا۔رِیاض پٹیل نے رواں سیزن میں اپنی آل راؤنڈ کارکردگی کے ذریعے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔ بالخصوص بیٹنگ کے شعبہ میں انہوں نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے لیگ میں قابل ذکر رنز بنائے۔ ان کی عمدہ بیٹنگ کے اعتراف میں انہیں ’’بیسٹ بیٹر‘‘ کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔ اس طرح رِیاض پٹیل نے ایک ہی سیزن میں دو اہم اعزازات حاصل کرتے ہوئے اپنی بہترین صلاحیتوں کا ثبوت پیش کیا۔دوسری جانب ٹیم کے لیے بہترین بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے حریف ٹیموں کے اہم وکٹ حاصل کرنے والے عقیف پٹیل کو ’’بیسٹ بولر‘‘ کے ایوارڈ سے سرفراز کیا گیا۔ ان کی عمدہ گیندبازی اور ٹیم کی کامیابی میں ادا کیے گئے اہم کردار کو سراہتے ہوئے کلب کے ذمہ داران نے انہیں ٹرافی اور مومنٹو پیش کیا۔اس موقع پر کلب کے سینئر نمائندوں نے ایوارڈ حاصل کرنے والے تمام کھلاڑیوں کو مبارکباد پیش کی ۔پانچویں سالگرہ اور ایوارڈز کی تقریب میں کلب کے ارکان، کھلاڑیوں، مقامی نوجوانوں اور کرکٹ شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ کھلاڑیوں کی شاندار کارکردگی اور ایوارڈز کے اعلان کے دوران تقریب کا ماحول انتہائی پرجوش رہا۔ تقریب خوشگوار اور یادگار ماحول میں اختتام پذیر ہوئی۔