دبئی ، 23مئی (سیاست ڈاٹ کام )بین الاقوامی کرکٹ کونسل (آئی سی سی )نے کورونا وائرس کے تناظر میں جامع ہدایات جاری کی ہیں جس کا مقصد دنیا کی ہر سطح پر کمیونٹی ، ملکی اور بین الاقوامی سطح پر کرکٹ کی سرگرمیوں کو بحال کرنا ہے کیونکہ متعدد حکومتوں نے کورونا وائرس وبائی امراض کے پھیلاؤ کی وجہ سے عائد پابندیوں میں نرمی کرنا شروع کردی ہیں ۔آئی سی سی نے کہا ہے کہ ٹیسٹ کرکٹ میں واپسی کی خاطر گیند بازوں کو دو تا تین ماہ کی تربیت کی ضرورت ہو گی تاکہ وہ انجری کا شکار نہ ہوں۔ کورونا لاک ڈاؤن میں نرمی کے باعث بین الاقوامی کرکٹ کے شروع ہونے کے امکانات روشن ہو گئے ہیں۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کی طرف سے کہا گیا ہے کہ کرکٹ کی منتظم اس بین الاقوامی باڈی کے تمام رکن ممالک، کھلاڑیوں بالخصوص گیند بازوں کے لیے خصوصی میڈیکل ایڈوائزر یا بائیو سیفٹی اہلکار تعینات کریں تاکہ وہ بین الاقوامی کرکٹ کی بحالی پر غیر ضروری انجری کا شکار نہ ہوں۔دبئی میں جمعہ کو ہوئے اجلاس میں آئی سی سی نے واضح کیا کہ بالخصوص گیند بازوں کو اپنی فٹنس پر زیادہ توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔نئے کورونا وائرس کی عالمی وبا کے نتیجے میں مارچ سے کرکٹ بھی معطل ہے ۔ اب اس وائرس کے پھیلاؤ میں کمی کے باعث امکانات ہیں کہ بین الاقوامی کرکٹ جلد ہی شروع ہو سکتی ہے ۔ انگلش کھلاڑیوں نے پریکٹس بھی شروع کر دی ہے ۔
